ویب ڈیسک: لاہور کے پوش علاقے ڈیفنس میں چوری کی ایک منفرد واردات سامنے آئی ہے جس نے پولیس اور شہریوں دونوں کو حیران کر دیا۔ نامعلوم چور گھر سے قیمتی زیورات یا نقدی کے بجائے مہنگے جوتوں کا مکمل ذخیرہ سمیٹ کر فرار ہو گیا۔
پولیس کے مطابق چور نے مردانہ، زنانہ، بچوں اور گھریلو ملازمین کے جوتوں سمیت مجموعی طور پر ایک لاکھ 43 ہزار روپے مالیت کے فٹ ویئر چرا لیے۔
ایف آئی آر کے مطابق ملزم نے 68 ہزار روپے مالیت کے دو مردانہ جوتوں کے جوڑے، 50 ہزار روپے کا خواتین کا جوتا، 20 ہزار روپے کے بچوں کے جوتے اور 5 ہزار روپے کے ملازمین کے سلیپرز چوری کیے۔
واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آ چکی ہے، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ملزم محض ڈیڑھ منٹ میں جوتے سمیٹ کر موقع سے فرار ہو جاتا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزم کی شناخت کی جا رہی ہے، جسے جلد گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا جا رہا ہے۔