بلغاریہ میں ہولناک بس حادثہ، بچوں سمیت 46 مسافر ہلاک

بلغاریہ میں ہولناک بس حادثہ، بچوں سمیت 46 مسافر ہلاک
صوفیہ: (ویب ڈیسک) مغربی بلغاریہ کی ایک ہائی وے پر بس حادثے کے بعد آتشزدگی سے بچوں سمیت کم از کم 46 مسافروں کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ بلغاریہ کی خبر رساں ایجنسی نے وزارت داخلہ کے حوالے سے بتایا ہے کہ یہ حادثہ دارالحکومت صوفیہ کے جنوب مغرب میں واقع گاؤں پوسنک کے قریب منگل کی صبح سویرے پیش آیا۔ بلغاریہ کے سرکاری ٹیلی ویژن پر فائر ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر نکولائی نکولوف کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والوں میں بچے بھی شامل ہیں۔ حادثے کی وجہ جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں جس کے بارے میں خیال کیا جا رہا ہے کہ یہ بس کی ٹکر سے پیش آیا۔ حادثے میں جھلس جانے کے باعث کچھ مسافروں کو علاج کے لیے ہسپتال لے جایا گیا ہے۔ شمالی مقدونیہ کے وزیر خارجہ بوجر عثمانی نے بتایا کہ بدقسمت بس ترکی کے شہر استنبول میں ہفتے کے آخر میں سفر کے بعد واپس اسکوپے جا رہی تھی۔ رپورٹس کے مطابق بس پر شمالی مقدونیہ کی جانب سے جاری کردہ نمبر پلیٹس تھیں۔ موٹروے حکام نے ہائی وے پر جائے حادثہ کے گرد حفاظتی حصار قائم کرتے ہوئے اسے سیل کر دیا ہے تاکہ شواہد اکھٹے کئے جا سکیں۔ شمالی مقدونیہ کے وزیر اعظم زوران زیف نے اپنے بلغاریہ کے ہم منصب کو فون کرکے حادثے کے حالات پر تبادلہ خیال کیا ہے۔

Watch Live Public News