ویب ڈیسک: انگلینڈ کے اسٹار بیٹر جو روٹ نے سری لنکا کے خلاف پہلے ون ڈے میں ایک اور اہم سنگِ میل عبور کرتے ہوئے سچن ٹنڈولکر کا ریکارڈ توڑ دیا۔
چیسٹر لی اسٹریٹ میں کھیلے گئے میچ میں جو روٹ نے اپنے بین الاقوامی کیریئر کے 23 ہزار رنز مکمل کیے۔ وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے دنیا کے آٹھویں اور انگلینڈ کے پہلے بلے باز بن گئے۔
روٹ نے 23 ہزار رنز 521 اننگز میں مکمل کیے، جبکہ سچن ٹنڈولکر نے یہ سنگِ میل 522 اننگز میں حاصل کیا تھا۔ یوں روٹ نے تیز ترین 23 ہزار بین الاقوامی رنز مکمل کرنے والے بلے بازوں کی فہرست میں ٹنڈولکر کو پیچھے چھوڑ دیا۔
اس فہرست میں بھارت کے ویرات کوہلی سرفہرست ہیں، جنہوں نے 490 اننگز میں 23 ہزار رنز مکمل کیے تھے۔ ٹنڈولکر کے علاوہ کمار سنگاکارا، رکی پونٹنگ، مہیلا جے وردھنے، جیک کیلس اور راہول ڈریوڈ بھی یہ اعزاز حاصل کرچکے ہیں۔
35 سالہ جو روٹ نے سری لنکا کے خلاف میچ میں 52 گیندوں پر 44 رنز بنائے، جس میں 5 چوکے شامل تھے۔ ان کے بین الاقوامی رنز کی تعداد اب 23 ہزار 41 ہوگئی ہے۔
جو روٹ اس سے قبل بھی سچن ٹنڈولکر کے کئی ریکارڈ اپنے نام کرچکے ہیں۔