(ویب ڈیسک ) چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے بھارت کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ دریائے سندھ ہمارا ہے، اس میں ہمارا پانی بہے گا یا ان کا خون ۔
چیئرمین پی پی بلاول بھٹو نے سکھر میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں آپ سب کو مبارک باد پیش کرتا ہوں کہ جس مقصد کیلئے پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکن احتجاج کررہے تھے، شاہراہوں سے لے کر ایوان تک کہ ہمیں سندھو پر نئی نہریں منظور نہیں ہیں۔ کل وزیر اعظم سے ملاقات میں یہ بات طے ہوچکی کہ آپ کی مرضی کے بغیر کوئی نئی نہر نہیں بنے گی۔ یہ پرامن جمہوری جدوجہد کی کامیابی ہے.
انہوں نے کہا کہ بھارت نے پہلگام سانحہ کا الزام پاکستان پر لگایا ہے، اپنی کمزوریاں چھپانے اور اپنی عوام کو بے وقوف بنانے کیلئے مودی نے جھوٹے الزامات لگائے ہیں اور یکطرفہ فیصلہ کرتے ہوئے سندھ طاس معاہدے کو معطل کیا ہے جس کے تحت بھارت تسلیم کرچکا کہ سندھو پاکستان کا ہے۔ میں یہاں سکھر میں سندھو کے پاس کھڑے ہوکر بھارت کو یہ کہنا چاہوں گا کہ سندھو ہمارا ہے اور سندھو ہمارا رہے گا یا تو اس سندھو میں پانی بہہ گا یا پھر ان کا خون۔
چیئرمین پی پی نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ نے طے کرلیا ہے کہ نیا کینال عوام کی مرضی کے بغیر نہیں بنے گا، تمام صوبوں کی رضا مندی کے بغیر کینال نہیں بن سکتے۔ سندھ نے اپنے اعتراضات مشترکہ مفادات کونسل میں رکھے ہیں، سندھ حکومت نے پانی کے معاملے پر جولائی سے اعتراضات کیے ہیں۔
آخر میں چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے 1 مئی کو میر پور خاص میں جلسہ کرنے کا اعلان کردیا۔