لاہور: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ ہماری جماعت میں وزیراعظم کے امیدوار کے حوالے سے کوئی ابہام نہیں اور پارٹی میں جب بھی وزیراعظم کی بات آتی ہے تو وہ ایک ہی نام نواز شریف ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق گذشتہ روز قومی اسمبلی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں رانا ثناء اللہ نے کہا کہ الیکشن سے پہلے نواز شریف کی واپسی کا فیصلہ ان کا اپنا ہوگا اور وہ جب واپس آنا چاہیں گے آجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی نواز شریف کو انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی چاہتی ہے اور پارٹی کا فیصلہ ہے کہ جب تک انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی نہیں ہوتی انہیں واپس نہیں آنا چاہیے۔ رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ (ن) لیگ میں وزیراعظم کے امیدوار کے حوالے سے کوئی ابہام نہیں، پارٹی میں جب بھی وزیراعظم کی بات آتی ہے تو وہ ایک ہی نام نوازشریف ہے، اگر کسی وجہ سے نواز شریف نہیں ہوں گے تو ان کی جگہ ہمارے سینئر ترین شہباز شریف ہیں۔