’مہنگائی، راشن کارڈز، یوٹرن اور جھوٹ نئے پاکستان کی شناختی علامات ہیں‘

’مہنگائی، راشن کارڈز، یوٹرن اور جھوٹ نئے پاکستان کی شناختی علامات ہیں‘
لاہور ( پبلک نیوز) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے کہا ہے کہ مہنگائی، راشن کارڈز، یوٹرن اور جھوٹ نئے پاکستان کی شناختی علامات ہیں۔ قطاروں میں کھڑے عوام آج نواز شریف اور پرانے پاکستان کو یادکر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو تین سال سے نااہلی، نالائقی، کرپشن اور مہنگائی کی اسموگ نے اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔ پٹرول، آٹے، چینی اور اشیائے ضروریہ کے لئے قوم کو قطاروں میں دھکے کھاتے دیکھ کر دل خون کے آنسو رو رہا ہے۔ اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ ملک میں گیس بحران عمران نیازی کی بدانتظامی کے باعث ہے، نئے سال میں گیس کی قیمت میں 400 فیصد اضافے سے نیا بم قوم پر گرنے والا ہے۔ ہر دن، ہربحران اور قیمتوں میں اضافہ دہائی دے رہا ہے کہ یہ حکومت چلتی رہی تو ملک نہیں چلے گا۔ انہوں نے کہا کہ عمران نیازی صاحب غریب اوپر جارہا ہے لیکن اللہ تعالی کے پاس ظالم حکمرانوں کی بے حسی غریبوں کے زخموں پر نمک ہے۔ یکم جنوری سے گھریلو اور کمرشل صارفین کو سینکڑوں روپے اضافی ادا کرنے پر گیس ملے گی۔ گیس کے بعد چینی کا بحران پھر سے سراٹھا رہا ہے، پہلے ہی 52 روپے والی چینی 130 اور150 تک مل رہی ہے۔ کرشنگ شروع ہونے کے باوجود چینی کی سپلائی اب تک بحال نہ ہونا نااہلی وبدانتظامی کی انتہا ہے۔ ڈالر 177روپے سے زائد پر فروخت ہو رہا ہے۔ ڈالر کی پرواز قوم کی مہنگائی کے دردناک کرب کو مسلسل بڑھا رہی ہے، کوئی پرسان حال نہیں۔ روپے کی قدر میں ایک فیصد کمی مہنگائی میں 14 سے 16 بنیادی پوائنٹس میں اضافہ کرتی ہے۔

Watch Live Public News

شازیہ بشیر نےلاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی سے ایم فل کی ڈگری کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 42 نیوز اور سٹی42 میں بطور کانٹینٹ رائٹر کام کر چکی ہیں۔