’چودھری پرویز الہیٰ کو پنجاب کا سب سے بڑا ڈاکو کہنے پر عمران خان نے معذرت کی‘

’چودھری پرویز الہیٰ کو پنجاب کا سب سے بڑا ڈاکو کہنے پر عمران خان نے معذرت کی‘
مسلم لیگ ق کے رہنماء چوہدری مونس الہیٰ نے کہا ہے کہ عمران‌خان نے چوہدری پرویز الہیٰ کو پنجاب کا سب سے بڑا ڈاکو کہنے کے بیان پر گھر آ کر معذرت کی اور آگے ساتھ چلنے کا وعدہ کیا. ایک ٹویٹر پیغام میں مسلم لیگ ق کے رہنماء نے صحافی حامد میر کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے اپنے بیان پر معذرت کی. اس سے قبل ایک ٹوئٹ میں مونس الہیٰ نے چودھری شجاعت حسین کی کتاب کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ چوہدری شجاعت حسین صاحب نے اپنی لائف سٹوری "سچ تو یہ ہے" میں شریف برادران کو "مسلسل وعدہ خلاف"، "اقتدار کے نشے میں چور" ، "چکنی چوپڑی باتیں کرنے والے"، سازشی اور "معاہدے پس پشت ڈالنے والے" قرار دیا ہے۔ دوسری جانب چودھری شجاعت چھوٹے بھائی چودھری وجاہت کے الزامات پر برس پڑے ،مسلم لیگ (ق) کے صدر نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ میرے بیٹوں پر آصف زرداری سے ڈالر مانگنے کی باتیں بیہودہ ہیں، سالک حسین نے میرے کہنے پر شہباز شریف کو وزیراعظم کیلئے ووٹ دیا ، ہم نے کسی سے کوئی وزارت نہیں مانگی۔ان کا کہنا تھا کہ میرے کہنے پر میرے بچے فی الحال خاموش ہیں، وجاہت حسین نے نئی جماعت بنانی ہے تو بنا لیں ، ملک میں ایک نئی جماعت بننے سے فرق نہیں پڑے گا۔ مسلم لیگ ق کے صدر چودھری شجاعت نے مزید کہا کہ طارق بشیر چیمہ پر چودھری خاندان کو تقسیم کرنے کا الزام جھوٹ ہے، گجرات جا کر بتاؤں گا کس کا کون سا حلقہ ہے۔ یاد رہے کہ مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کے بھائی چوہدری وجاہت حسین نے نئی جماعت بنانے کا اعلان کردیا ہے۔گجرات میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چوہدری وجاہت حسین کا کہناتھا کہ عمران خان سے اپنا وعدہ پورا کرینگے، سالک حسین کا گجرات کی سیاست سے کبھی کوئی تعلق نہیں رہا۔ ان کا کہنا تھا کہ جو مخالفین ہمارے حلقوں، ضلعوں میں ہمیں نہیں ہرا سکے وہ ہمارے گھر میں دراڑیں ڈال رہے ہیں۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔