مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ ہم الیکشن سے نہیں ڈرتے کیوں کہ ہم سیلکٹ ہو کر نہیں آئے لیکن الیکشن ہر پانچ سال بعد ہونے چاہئیں، ان شااللہ ہم الیکشن لڑیں گے اور جیتیں گے۔ چیف آرگنائزر مسلم لیگ مریم نواز نے لاہور میں ن لیگی لائرز ونگ کی تقریب سے خطاب میں کہا کہ ملک میں فوری الیکشن کا مطالبہ اس لیے کیا جا رہا ہے کیونکہ اکتوبر میں سپریم کورٹ کا نیا چیف جسٹس ہو گا۔ ہم الیکشن سے نہیں ڈرتے مگر الیکشن سے پہلے انصاف کے ترازو کے دونوں پلڑے برابر کرنے ہوں گے۔ مریم نواز نے کہا کہ عمران خان جوڈیشل اسٹیبلشمنٹ کی مدد سے سلیکٹ ہونا چاہتے ہیں۔ جنرل ریٹائرڈ قمر جاوید باجوہ نے انٹرویو میں خود کہا کہ عمران خان خطرناک شخص ہے، اب انہوں نے جوڈیشل اسٹبشلمنٹ ڈھونڈ لی ہے، جنرل باجوہ کہتے ہیں کہ بیگمات کے کہنے پر عدالت کے فیصلے ہوتے تھے، ان کی باقیات عدلیہ میں موجود ہے یہ اب ان پر تکیہ کیے بیٹھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس دن پاناما کیس کا فیصلہ ہوا عدالت میں ثاقب نثار، آصف سعید کھوسہ کے بچے بھی موجود تھے، ان ججوں کے بچوں کو پہلے سے پاناما فیصلے کا پتا تھا، آئین اور قانون پر فیصلے نہیں ہوتے تھے بلکہ بیگمات اور بچوں کے کہنے پر فیصلے ہوتے تھے۔ عمران خان پ تنقید کرتے ہوئے مریم نواز بولیں کہ یہ شخص جب بھی عدالت گیا جتھے لے کر گیا، کون ہے جوآج بھی عمران خان کو تحفظ دے رہا ہے؟، میں نے جھوٹے مقدمات میں 100 سے زیادہ پیشیاں بھگتیں، نوازشریف نےجھوٹے مقدمے میں 200 سے زیادہ پیشیاں بھگتیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے عدالتوں میں سرینڈر کیا اور جھوٹی سزائیں بھگتیں، ہمارے گھروں پر حملے ہوئے، عمران خان عدالتوں میں پیش ہونے سے انکاری ہیں، زمان پارک سے ریاست پرحملہ ہوا،ا ٓئین اور قانون کہاں سو رہا تھا؟۔ مسلم لیگ ن کی نائب صدرنے کہا کہ ہم الیکشن سے نہیں ڈرتے کیوں کہ ہم سیلکٹ ہو کر نہیں آئے لیکن الیکشن ہر پانچ سال بعد ہونے چاہئیں، ان شااللہ ہم الیکشن لڑیں گے اور جیتیں گے۔ پنجاب اسمبلی کی تحلیل سے متعلق بات کرتے ہوئے مریم نواز نے کہاکہ پرویزالہی اسمبلی نہیں توڑنا چاہتے تھے، عمران خان نے ملک میں انتشار پھیلانے کے لیے دونوں اسمبلیاں توڑیں، اس شخص نےپاکستان کے آئین،جمہوریت کوبچوں کا کھیل سمجھ رکھا ہے۔