اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ہالینڈ کی جانب سے رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ کے دوران پاکستان میں کی جانے والی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) کی شرح میں 1296 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی رپورٹ کے مطابق گذشتہ مالی سال میں جولائی تا اکتوبر 2020ء میں ہالینڈ کی طرف سے 11.5 ملین ڈالر کی ایف ڈی آئی کی گئی تھی تاہم جاری مالی سال میں جولائی تا اکتوبر 2021ء کے دوران ہالینڈ کی ایف ڈی آئی کا حجم 149 ملین ڈالر اضافہ سے 160.5 ملین ڈالر تک بڑھ گیا۔ اس طرح گذشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ میں پاکستان میں کی جانے والی ہالینڈ کی ایف ڈی آئی میں 1295.65 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ رپورٹ کے مطابق امریکا کی طرف سے پاکستان میں کی جانے والی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری بھی 86.6ملین ڈالر یعنی 312.63 فیصد اضافہ سے جولائی تا اکتوبر 2020 میں 27.7 ملین ڈالر کے مقابلہ میں جولائی تا اکتوبر 2021 کے دوران 114.3 ملین ڈالر تک بڑھ گئی۔ اسی طرح یو اے ای کی ایف ڈی آئی بھی 33.9 ملین ڈالر یعنی 132 فیصد اضافہ سے 25.7 ملین ڈالر کے مقابلہ میں 59.6 ملین ڈالر تک بڑھ گئی جبکہ برطانیہ کی پاکستان میں کی گئی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری بھی گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں جاری مالی سال کے پہلے چار ماہ میں 16.9 ملین ڈالر یعنی 41.62 فیصد اضافہ سے 40.6 ملین ڈالر کے مقابلہ میں 57.5 ملین ڈالر تک بڑھ گئی۔