حکومت کا 10 سے 14 ارب ڈالر کی نئی آئل ریفائنری کے قیام کا اعلان

حکومت کا 10 سے 14 ارب ڈالر کی نئی آئل ریفائنری کے قیام کا اعلان
اسلام آباد: وزیر مملکت پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ حکومت نے سستی گیس لے کر مہنگی بجلی گرڈ کو فروخت کرنے والوں کو گیس کی فراہمی بند کرنے اور 10 سے 14 ارب ڈالر سے نئی آئل ریفائنری کے قیام کا اعلان کیا ہے۔ وزیر مملکت پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ کابینہ کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ امیروں سے سستی گیس واپس لے کر عوام کو فراہم کی جائے گی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے حکومت سنبھالتے ہی کہا تھا کہ ہمیں قومی ترقی کے لئے توانائی کا انتظام کرنا ہو گا جس پر ہم پہلے دن سے عمل پیرا ہیں اور اب بہتر نتائج آنا شروع ہو گئے ہیں۔ مصدق ملک نے کہا کہ ہمیں 4 سے 5 فیصدترقی کے لئے 8 سے 9 فیصد توانائی کی ضرورت ہے جس کے لئے موجودہ حکومت کام کر رہی ہے۔ جلد ہی پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہو گا،معاشی ترقی کے سفر کیلئے توانائی کی فراہمی ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے 10سے 14ارب ڈالر کی ریفائنری کے قیام کا اعلان کیا ہے جس سے لوگوں کو روزگار کے مواقع فراہم ہوں گے۔ ایل پی جی، ایل این جی اور سولر کے ذریعے توانائی کی فراہمی کیلئے پالیسی بنائی گئی ہے، اس فیصلے سے عوام کو سہولت فراہم ہو گی ۔ وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ آج کچھ لوگوں کی اجارہ داری کو ختم کر دیا گیا ہے، ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں توانائی کے ذرائع کو ذمہ داری کے ساتھ استعمال میں لانا ہو گا۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔