9محرم الحرام،محرم کے جلوس مقررہ راستوں پر گامزن

9محرم الحرام،محرم کے جلوس مقررہ راستوں پر گامزن
ملک بھر میں نواسہ رسول حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ اور اُن کےساتھیوں کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔ آج نویں محرم کے روز اسلام آباد، کوئٹہ،لاہور، کراچی، پشاور سمیت ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں اور قصبوں میں مجالس اور شبیہ علم و ذوالجناح کے جلوس برآمد ہوں گے، علمائے کرام اور ذاکرین حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی تعلیمات اور سانحہ کربلا کے مختلف پہلوؤں پر روشنی بھی ڈالیں گے۔ دورانِ جلوس عزادار ماتم اور نوحہ خوانی کرتے ہوئے شہدائے کربلا پر ڈھائے گئے مظالم کو یاد کیا جائے گا اور جلوسوں کے راستوں میں بڑی تعداد میں نذر و نیاز کا سلسلہ بھی ہوگا۔ 9 محرم الحرام کا مرکزی جلوس کراچی میں نشتر پارک سے برآمد ہوگا، شرکا نماز ظہرین تبت سینٹر پرادا کرینگے، بعدازاں جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ایرانیاں پر اختتام پذیر ہوگا۔ نویں محرم کے موقع پر کراچی میں نکالے جانے والے مرکزی جلوس کے شرکاء نماز ظہرین امام بارگاہ علی رضا پر ادا کریں گے، ایم اے جناح روڈ کو کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا ہے، جلوس کی گزرگاہوں پر موبائل فون سروس بھی معطل رہے گی۔ لاہور میں نویں محرم کا مرکزی جلوس پانڈو سٹریٹ سے برآمد ہوگیا ہے جو کہ اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ خیمہ سادات پر اختتام پذیر ہوگا۔ پانڈو سٹریٹ اسلام پورہ سے آغاز کے بعد یہ جلوس سراج بلڈنگ پر مختصر پڑاؤ اور نماز ظہرین ادا کرے گا، پھر اسلام پورہ چوک، نیلی باغ چوک ، سول سیکرٹریٹ سے ہوتا ہوا پرانی انارکلی پہنچے گا جہاں نماز مغربین ادا کی جائے گی۔ اس کے بعد یہ مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ خیمہ سادات پراختتام پذیر ہوگا جہاں مجلس عزا ہوگی جس کے بعد شرکاء واپس اسی روٹ سے پانڈو سٹریٹ پہنچیں گے۔ نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے چیف سیکرٹری اور آئی جی پی پنجاب کے ہمراہ سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے جلوس کے مختلف مقامات کا دورہ کیا۔ اسلام آباد میں 9 محرم کا مرکزی جلوس امام بارگاہ ا ثنا عشری جی 6 سے برآمد ہوگا جو اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا اسی جگہ اختتام پذیر ہوگا۔ پولیس کے مطابق مرکزی جلوس کی سکیورٹی پر 1685 اہلکار و افسران تعینات ہوں گے جن میں 5 ڈی پی اوز، 14 ڈی ایس پیز اور 21 انسپکٹر بھی فرائض سر انجام دیں گے جب کہ جلوس کی سکیورٹی کیلئے رینجرز اور ایف سی بھی تعینات ہوگی۔ پشاور میں بھی نویں محرم کی مناسبت سے مرکزی جلوس برآمد ہوگئےہیں ، پہلا جلوس امام بارگاہ حسینیہ ہال صدر سے برآمد ہوا جب کہ دوسرا جلوس امام بارگاہ بی بی صاحبہ تحصیل سے نکالا گیا ہے، جلوس مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے واپس اسی مقام پر اختتام پذیر ہونگے۔ ملک بھر میں 9 محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کے لئے فول پروف انتظامات بھی کئے گئے ہیں، جلوس کے روٹ پر آنے والی بلند عمارتوں اور مرکزی جلوس کے اطراف اور گزرگاہوں پر اسنائپرز بھی تعینات کئے گئے ہیں اور جلوس کے راستوں کی فضائی نگرانی بھی کی جائے گی۔ متعدد شہروں میں جلوس کی گزرگاہوں میں موبائل فون سروس بند ہوگی اور موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔