ویب ڈیسک: سلمان اکرم راجہ نے پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل کے عہدے سے استعفیٰ دیدیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق نامزد سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے عہدے پر کام کرنے سے معذرت کر لی۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ذاتی وجوہات کی بنا پر عہدے پر مزید کام نہیں کر سکتا۔
دوسری جانب بیرسٹر گوہر نے سلمان اکرم راجہ کی معذرت منظور کرنے سے انکار کر دیا۔ بیرسٹر گوہر نے سلمان اکرم کو کام جاری رکھنے کا کہا۔ بیرسٹر گوہر نے کہا کہ نہ بانی نے نہ کسی نے استعفی کا تقاضہ کیا ہے۔ میں خود بھی مستعفی نہیں ہورہا۔
سوشل میڈیا پر پی ٹی آئی کی پنجاب کی قیادت کو سب سے زیادہ تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا تھا اور بطور خاص سلمان اکرم راجہ اور حماد اظہر کارکنان کے نشانے پر دکھائی دیے۔
سلمان اکرم راجہ پر زیادہ تنقید اس لیے کی جا رہی تھی کیونکہ وہ جماعت کے سیکریٹری جنرل تھے اور 24 نومبر کو جب قیادت کی جانب سے لاہور میں احتجاج کی کال دی گئی تھی تو ان کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں وہ اپنی گاڑی میں اپنی لوکیشن کے بارے میں لوگوں کو آگاہ کر رہے ہیں اور ان کے پیچھے معمولاتِ زندگی رواں دواں ہیں۔
سلمان اکرم راجہ کی جانب سے گذشتہ شام جاری ایک ویڈیو پیغام میں کہا گیا تھا کہ ’بہت سے لوگوں نے اعتراض کیا کہ بہت سے لوگ بشمول میرے اسلام آباد کیوں نہیں پہنچے۔ میں پورا دن لاہور کی سڑکوں پر تھا اور یہاں یہ عالم تھا کہ اگر 20، 30 لوگ بھی ایک جگہ جمع ہوتے تو ان پر لاٹھیاں برسائی جاتیں اور ان کو گرفتار کیا جاتا تھا۔‘
’تمام راستوں کو بند کیا گیا، چناب اور راوی پر پلوں کو بند کیا گیا اور جو میرے دوست اسلام آباد پہنچنا چاہتے تھے، ان کے لیے یہ ممکن نہیں تھا۔ میرے لیے یہ مناسب نہیں تھا کہ میں ڈی چوک پر جا کر تصویریں بناؤں۔ 24 نومبر کو کسی کے لیے لاہور سے باہر نکلنا ممکن نہیں تھا۔‘