لاہور ( پبلک نیوز) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر شہباز شریف نے این اے 249 کراچی کے ووٹروں کے نام ایک پیغام میں اپیل کی ہے کہ وہ مفتاح اسماعیل کو ووٹ دیں اور نواز شریف کو کامیاب کریں۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف جناب محمد شہبازشریف نے این اے 249، کراچی کے شہریوں کے نام ایک بیان میں کہا کہ میں کراچی سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 249، بلدیہ کے غیور عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ آج اپنے گھروں سے قومی جذبے کے ساتھ نکلیں اور ووٹ کے اپنے آئینی وجمہوری حق کو پوری ذمہ داری سے استعمال کریں۔انہوں نے کہا کہ میں بزرگوں، بھائیوں، بیٹوں، ماوں، بہنوں اور بیٹیوں سے گزارش کروں گا کہ ووٹ ہی آپ کی وہ طاقت ہے جسے استعمال کرکے آپ وہ اہل اور دیانتدار قیادت منتخب کرسکتے ہیں جو آپ سے کئے ہوئے ہر وعدے کو پورا کرے جیسا آپ نے 2018 کیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ آپ نے اگر نواز شریف کو ووٹ دیا ، مفتاح اسماعیل کو ووٹ دیا ، مسلم لیگ ن کے حق میں فیصلہ دیا جنہوں نے عوام کے اعتماد کوکبھی ٹھیس نہیں پہنچائی اور جن کا ریکارڈ ہمیشہ وعدوں کو پورا کرنے کا رہا ہے، تو میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ آپ کے بنیادی مسائل انشاءاللہ لازمی حل ہوں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ مجھے پورا اعتماد اوریقین ہے کہ آپ ماضی کی طرح ایک بار پھر درست فیصلہ کریں گے اور ملک وقوم کو مسائل کے گرداب سے نکالنے میں اپنا عملی کردا رادا کریں گے۔ کورونا وبا کے پھیلاو کے پیش نظر اپنا اور اپنے اردگرد دیگر افراد کا خیال رکھیں۔ ماسک پہن کر اپنی جان کی حفاظت کریں اور شیر کو ووٹ ڈال کر اپنے مستقبل کو محفوظ بنائیں۔ اللہ تعالی آپ سب کا حامی وناصر ہو۔