آج سے ملک بھر میں شدید موسلادھار بارشیں،محکمہ موسمیات کا الرٹ

آج سے ملک بھر میں شدید موسلادھار بارشیں،محکمہ موسمیات کا الرٹ
کیپشن: آج سے ملک بھر میں شدید موسلادھار بارشیں،محکمہ موسمیات کا الرٹ

ویب ڈیسک: محکمہ موسمیات نے آج سے ملک کے مختلف حصوں میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی کی ہے اور خبردار کیا ہے کہ بالائی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات بھی موجود ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج سے 2 ستمبر تک اسلام آباد اور راولپنڈی میں شدید بارشوں کا امکان ہے، جبکہ وسطی اور جنوبی پنجاب میں بھی 31 اگست تک بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کی توقع ہے۔ ملتان، ڈی جی خان، راجن پور، لیہ، بھکر، ساہیوال، بہاولپور، بہاولنگر اور رحیم یار خان ان اضلاع میں شامل ہیں جہاں بارشوں کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آ سکتے ہیں۔

پنجاب کے شمالی اور شمال مشرقی اضلاع میں 30 اور 31 اگست کو شدید بارشیں متوقع ہیں۔ ان اضلاع میں لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، اٹک، جہلم، چکوال، گجرات، نارووال، حافظ آباد اور منڈی بہاؤالدین شامل ہیں۔ لاہور میں دریائے راوی پر شاہدرہ کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ چوہنگ کے قریب ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی پہلے ہی زیر آب آ چکی ہے۔

خیبرپختونخوا میں بھی آج سے 31 اگست تک بارشوں کا نیا سلسلہ جاری رہے گا۔ ملاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ چترال، دیر، سوات، بونیر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، پشاور، نوشہرہ، مردان، ڈی آئی خان، ٹانک، کوہاٹ اور بنوں میں بارشیں متوقع ہیں۔

آزاد کشمیر کے شہروں مظفرآباد، باغ، حویلی، کوٹلی، میرپور اور بھمبر میں بھی 2 ستمبر تک بارشیں ہوں گی جبکہ گلگت بلتستان میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔

ادھر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے کراچی میں کل سے بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ادارے کے مطابق ممکنہ شدید بارشوں سے شہری سیلاب کا خطرہ پیدا ہو سکتا ہے۔ سندھ کے دیگر اضلاع، خصوصاً ٹھٹہ، سجاول، بدین اور تھرپارکر میں 30 اگست تا 2 ستمبر بارشوں کا امکان ہے، جبکہ حیدرآباد، دادو، سکھر، گھوٹکی، لاڑکانہ، جیکب آباد اور کشمور میں بھی موسلادھار بارشیں متوقع ہیں۔