سیلاب کے خطرے سے نمٹنے کیلئے سندھ حکومت نے بھی کمر کس لی

سیلاب کے خطرے سے نمٹنے کیلئے سندھ حکومت نے بھی کمر کس لی
کیپشن: سیلاب کے خطرے سے نمٹنے کیلئے سندھ حکومت نے بھی کمر کس لی

ویب ڈیسک: پنجاب میں سیلاب کے باعث ہونے والے جانی اور مالی نقصان کے پیش نظر سندھ حکومت نے بھی تیاریاں شروع کر دی ہیں اور وزراء کو فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے، جس کی منظوری کا  نوٹیفکیشن  وزیراعلیٰ سندھ  مراد علی شاہ نے جاری کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ سے جاری حکم نامے کے تحت نامزد وزراء اپنے اپنے دائرۂ اختیار میں دریا کے دائیں اور بائیں کنارے کی نگرانی کریں گے۔ گڈو سے سکھر تک کے علاقے کے لیے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے وزیر مکیش کمار چاؤلہ کو دائیں کنارے جبکہ زراعت، کھیل اور امورِ نوجوانان کے وزیر سردار محمد بخش مہر کو بائیں کنارے کا فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے۔

اسی طرح سکھر سے کوٹری تک کے لیے صنعت و تجارت کے وزیر جام اکرام اللہ خان دھاریجو دائیں کنارے جبکہ توانائی و منصوبہ بندی کے وزیر سید ناصر حسین شاہ بائیں کنارے کی نگرانی کریں گے۔ کوٹری سے نیچے کے علاقے میں مذہبی امور، زکوٰۃ و عشر کے وزیر ریاض حسین شاہ شیرازی کو دائیں کنارے جبکہ لائیو اسٹاک اور فشریز کے وزیر محمد علی ملکانی کو بائیں کنارے کا فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن میں مزید ہدایت کی گئی ہے کہ صوبائی اسمبلی کے تمام اراکین (ایم پی ایز) جو دریائے سندھ کے ساتھ موجود اضلاع سے تعلق رکھتے ہیں، وہ آئندہ ایک ہفتے کیلئے اپنے حلقوں میں موجود اور نامزد فوکل پرسنز سے قریبی رابطے میں رہیں۔ نامزد وزراء کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ محکمہ آبپاشی سندھ کے ساتھ مل کر سیلاب کے خطرات کا جائزہ لیں اور دریا کے پشتوں کے تحفظ اور نگرانی کیلئے ایم پی ایز کو شامل کریں۔

خیال رہے کہ اس سے پہلے سندھ کے صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے پنجاب میں سیلابی صورتحال کے پیش نظر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کو ہم ممکن تعاون کی پیشکش کی تھی۔