دریائے راوی میں پانی کی سطح بلند، شاہدرہ اور بلوکی شدید متاثر

دریائے راوی میں پانی کی سطح بلند، شاہدرہ اور بلوکی شدید متاثر
کیپشن: دریائے راوی میں پانی کی سطح بلند، شاہدرہ اور بلوکی شدید متاثر

ویب ڈیسک: لاہور اور گردونواح میں دریائے راوی کی صورتحال خطرناک ہوتی جا رہی ہے۔ شاہدرہ اور بلوکی کے مقام پر پانی کے بہاؤ میں تیزی آگئی ہے جس کے باعث قریبی علاقوں میں سیلابی پانی داخل ہونا شروع ہوگیا۔

فلڈ فارکاسٹنگ ڈویژن کے مطابق شاہدرہ کے مقام پر دریائے راوی انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کی سطح پر پہنچ گیا ہے، جہاں پانی کا بہاؤ دو لاکھ 15 ہزار 550 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ سائفن کے مقام پر پانی میں مزید اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

سیلابی ریلے کے نتیجے میں شاہدرہ کی کئی آبادیوں کو متاثر ہونا پڑا ہے۔ فرخ آباد، عزیز کالونی اور دیگر ملحقہ علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہوگیا، جس پر انتظامیہ نے فوری طور پر انخلا کا عمل شروع کر دیا۔ مکینوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لیے مساجد میں اعلانات کیے جا رہے ہیں جبکہ دو سرکاری اسکولوں میں ہنگامی بنیادوں پر ریلیف کیمپ قائم کر دیے گئے ہیں۔ ان کیمپوں میں متاثرہ افراد کے لیے کھانے اور ضروری سہولیات کا انتظام بھی کیا گیا ہے۔

ملتان روڈ پر چوہنگ کے قریب ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی بھی زیرِ آب آگئی ہے جس کے باعث رہائشیوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ متاثرہ خاندانوں نے قیمتی سامان اور مال مویشی محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی کوششیں تیز کر دی ہیں۔

عینی شاہدین کے مطابق  بند کے کمزور حصوں کو مزید مضبوط کیا جا رہا ہے تاکہ مزید نقصان سے بچا جا سکے۔

ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ اور مقامی پولیس کی ٹیمیں متحرک ہیں جبکہ امدادی کارروائیوں کے دوران متاثرہ خاندانوں کو ریلیف کیمپوں میں منتقل کرنے پر توجہ دی جا رہی ہے۔ حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ہدایات پر عمل کریں اور غیر ضروری طور پر خطرناک مقامات پر نہ جائیں۔