بھارتی آبی جارحیت، مقبوضہ کشمیر میں دریائے چناب پر سلال ڈیم کے دروازے کھول دیے

بھارتی آبی جارحیت، مقبوضہ کشمیر میں دریائے چناب پر سلال ڈیم کے دروازے کھول دیے
کیپشن: بھارتی آبی جارحیت، مقبوضہ کشمیر میں دریائے چناب پر سلال ڈیم کے دروازے کھول دیے

ویب ڈیسک: بھارت کی آبی جارحیت کے نتیجے میں پاکستان کے دریاؤں میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہو گئی ہے۔ مقبوضہ جموں و کشمیر میں دریائے چناب پر واقع سلال ڈیم کے دروازے کھول دیے گئے جس کے بعد دریائے چناب میں غیر معمولی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔

فلڈ فارکاسٹنگ ڈویژن کے مطابق ہیڈ قادر آباد کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے جہاں پانی کی آمد 3 لاکھ 5 ہزار کیوسک تک جا پہنچی ہے۔ اسی طرح ہیڈ خانکی پر بھی اونچے درجے کا سیلاب جاری ہے اور پانی کا بہاؤ 2 لاکھ 42 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔

ہیڈ مرالہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے لیکن یہاں بھی پانی کی آمد 1 لاکھ 10 ہزار کیوسک تک پہنچ گئی ہے۔ چنیوٹ کے مقام پر دریائے چناب کی صورتحال تیزی سے بگڑ رہی ہے، جہاں اب تک 4 لاکھ 57 ہزار کیوسک کا ریلا گزر چکا ہے۔ ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ آنے والے دنوں میں 10 لاکھ کیوسک کا ریلا گزرنے کا خدشہ ہے جو مزید تباہی کا باعث بن سکتا ہے۔

چناب نگر میں بھی اونچے درجے کا سیلاب جاری ہے جہاں 4 لاکھ 63 ہزار کیوسک کا ریلا گزر رہا ہے۔ مقامی انتظامیہ نے ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے قریبی آبادیوں کو نقل مکانی کی ہدایت کر دی ہے۔ دوسری جانب احمدپور شرقیہ میں بیلی والا پتن کے مقام پر زمیندارہ بند ٹوٹنے سے متعدد بستیاں زیرِ آب آگئیں جبکہ سیکڑوں ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ ہو گئیں۔

ادھر دریائے ستلج نے بھی پاکپتن اور اس کے مضافات میں تباہی مچا دی ہے۔ بند ٹوٹنے کے باعث درجنوں دیہات کا منچن آباد شہر سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے اور ہزاروں افراد شدید مشکلات کا شکار ہیں۔

محکمہ موسمیات اور پی ڈی ایم اے نے مزید بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ آنے والے دنوں میں دریاؤں میں پانی کی سطح مزید بلند ہوسکتی ہے، اس لیے متاثرہ علاقوں میں لوگوں کو بروقت محفوظ مقامات پر منتقل ہونا ضروری ہے۔