بل گیٹس کا پاکستان کے سیلاب متاثرین کیلئے ایک ملین ڈالر امداد دینے کا اعلان

بل گیٹس کا پاکستان کے سیلاب متاثرین کیلئے ایک ملین ڈالر امداد دینے کا اعلان
کیپشن: بل گیٹس کا پاکستان کے سیلاب متاثرین کیلئے ایک ملین ڈالر امداد دینے کا اعلان

ویب ڈیسک: مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس کی فلاحی تنظیم ’’گیٹس فاؤنڈیشن‘‘ نے پاکستان کے سیلاب متاثرین کیلئے ایک ملین ڈالر امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ رقم حکومت پاکستان کو عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے ذریعے فراہم کی جائے گی۔ یہ امداد چاروں صوبوں کے 33 متاثرہ اضلاع میں 4 لاکھ 65 ہزار افراد کو طبی سہولیات فراہم کرنے کیلئے استعمال کی جائے گی۔

پاکستان میں ڈبلیو ایچ او کے نمائندہ ڈاکٹر ڈاپنگ لو نے گیٹس فاؤنڈیشن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ امداد متاثرین کی جانیں بچانے میں مددگار ثابت ہوگی۔ اُن کا کہنا تھا کہ ماحولیاتی تبدیلی کے باعث قدرتی آفات میں اضافہ ہو رہا ہے، جس کیلئے بروقت تیاری ضروری ہے۔

واضح رہے کہ ڈبلیو ایچ او کی رپورٹ کے مطابق 26 جون سے 27 اگست تک سیلاب اور طوفانی بارشوں کے باعث 802 افراد جاں بحق اور 1,088 زخمی ہوئے، جب کہ 5,584 مویشی ہلاک، 7,465 مکانات تباہ اور 238 پل متاثر ہوئے۔ خیبرپختونخوا سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ رہا۔ اب تک عالمی ادارہ صحت کی جانب سے 3 لاکھ 80 ہزار سے زائد متاثرین کو طبی امداد فراہم کی جا چکی ہے۔