کمالیہ میں دریائے راوی کا سیلابی ریلا، 26 دیہات کیلئے خطرے کی گھنٹی

کمالیہ میں دریائے راوی کا سیلابی ریلا، 26 دیہات کیلئے خطرے کی گھنٹی
کیپشن: کمالیہ میں دریائے راوی کا سیلابی ریلا، 26 دیہات کیلئے خطرے کی گھنٹی

ویب ڈیسک: کمالیہ میں دریائے راوی کی صورتحال تشویشناک حد تک بگڑ گئی ہے۔ پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور اگلے 24 گھنٹوں کے دوران دو لاکھ کیوسک تک کا شدید سیلابی ریلا مل فتیانہ کے مقام پر داخل ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ حکام کے مطابق یہ ریلا علاقے میں بڑے پیمانے پر تباہی کا باعث بن سکتا ہے۔

اسسٹنٹ کمشنر کمالیہ اقرا ناصر نے بتایا ہے کہ اس وقت مل فتیانہ کے مقام سے 45 ہزار سے 50 ہزار کیوسک پانی گزر رہا ہے، تاہم بہاؤ میں تیزی کے باعث صورت حال مزید خراب ہوسکتی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ سیلابی پانی پہلے ہی قریبی رہائشی علاقوں میں داخل ہونا شروع ہو گیا ہے، جس کے بعد ضلعی انتظامیہ نے ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔

انتظامیہ نے ہنگامی صورتحال کے پیشِ نظر کمالیہ کی 26 دیہات میں انخلاء کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ مقامی مساجد سے مسلسل اعلانات کرائے جا رہے ہیں جن میں شہریوں سے کہا جا رہا ہے کہ وہ فوری طور پر اپنے مال مویشیوں سمیت محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں۔

ضلعی حکومت کے مطابق ریسکیو 1122، پولیس اور مقامی رضاکاروں سمیت تمام ادارے ہائی الرٹ پر ہیں اور متاثرہ دیہات کو خالی کرانے کے لیے اقدامات تیز کر دیے گئے ہیں۔ سیلاب متاثرین کے لیے قریبی تعلیمی اداروں اور سرکاری عمارتوں میں ہنگامی ریلیف کیمپ قائم کیے جا رہے ہیں، جہاں انہیں عارضی رہائش، کھانے اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

انتظامیہ نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ دریائے راوی میں پانی کی سطح مسلسل بلند ہو رہی ہے اور آئندہ چند گھنٹے انتہائی نازک ثابت ہو سکتے ہیں۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی صورت خطرناک مقامات پر نہ جائیں اور حکومتی احکامات پر عمل کرتے ہوئے فوری طور پر انخلا کریں۔