دریائے راوی میں شاہدرہ کے مقام پر پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند، الرٹ جاری

دریائے راوی میں شاہدرہ کے مقام پر پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند، الرٹ جاری
کیپشن: دریائے راوی میں شاہدرہ کے مقام پر پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند، الرٹ جاری

ویب ڈیسک: دریائے راوی میں شاہدرہ کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے۔ شاہدرہ کے مقام پر پانی کے بہاؤ میں مزید اضافہ ہوگا۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ لاہور شاہدرہ کے مقام پر پانی کا بہاؤ 1 لاکھ 51 ہزار کیوسک ہے۔ شاہدرہ سے تقریبا 2 لاکھ کیوسک تک پانی کا ریلہ گزرے گا۔ جسڑ کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے اور پانی کا بہاؤ 1 لاکھ 66 ہزار کیوسک ہے۔ بلوکی ہیڈورکس کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے۔ بلوکی کے مقام پر پانی کا بہاؤ 93 ہزار کیوسک ہے۔

ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید کا کہنا ہے کہ دریائے راوی کے پاٹ میں بسے شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں سے التماس ہے احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور غیر ضروری دریا کے اطراف جمع ہونے کی کوشش نہ کریں۔

ریلیف کمشنر پنجاب نے کہا کہ دریاؤں کے اطراف سیرو و تفریح کیلئے ہرگز نہ جائیں۔ ناگہانی صورتحال میں انتظامیہ سے تعاون کریں

دوسری جانب، لاہور دریائے چناب میں ہیڈ قادر آباد میں پانی کے دباؤ میں کمی ہو رہی ہے۔ قادر آباد ہیڈ ورکس میں پانی کا بہاو کل کی نسبت 1 لاکھ کیوسک کم ہے۔ ہیڈ قادر آباد کے مقام پر پانی کا بہاو 9 لاکھ 96 ہزار کیوسک ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ ہیڈ قادر آباد کی صلاحیت 8 لاکھ کیوسک پانی کی ہے۔ قادر آباد ہیڈ ورکس کی بائیں اطراف بند کو مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے۔ ضلعی انتظامیہ، محکمہ آبپاشی، پنجاب پولیس اور تمام متعلقہ محکموں کی ٹیمیں موقع پر موجود ہیں۔ بند کو مضبوط بنانے کیلئے تمام تر وسائل اور کوششیں بروئے کار لائی جا رہی ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں سے بند کی مضبوطی پر مسلسل کام جاری ہے۔