تاریخی گرجاگھر"نوٹرڈیم آف پیرس"آتشزدگی کے بعد اصل حالت میں بحال

 تاریخی گرجاگھر
کیپشن: فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون کا تاریخی گرجاگھر "نوٹرڈیم آف پیرس" کا دورہ

ویب ڈیسک: فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون  نے بارہویں صدی کے تاریخی گرجا گھر نوٹر ڈیم آف پیرس چرچ کو دوبارہ اصل حالت میں بحالی کے بعد اس کا دورہ کیا ہے اور تعمیر وبحالی کے کام پر اظہار اطمینان کیا ہے۔تاریخی گرجا گھر 8 دسمبر کو سیاحوں کیلئے دوبارہ کھول دیا جائےگا۔

یادرہے سال 2019 میں لگنے والی آگ سے  دنیا بھر میں مشہور 850 سال قدیم نوٹرڈیم آف پیرس تباہ ہوگیا تھا تاہم عمارت کے اصل ڈھانچے اور مصوری کے شاہکاروں  کو بچالیا گیا۔ اس میں موجود مصوری کے فن پارے بھی تاریخی اہمیت کے حامل ہیں۔

 نوٹر ڈیم آف پیرس گوتھک آرٹ کا شاہکار ہے۔ نوٹرڈیم آف پیرس کی تعمیر1160میں شروع ہوئی اور 1260میں مکمل ہوئی، یہاں ہر سال ایک کروڑ20 لاکھ سیاح شاہکار چرچ کو دیکھنے آتے ہیں۔ 

دوسری جانب فرانس کے نوٹر ڈیم آف پیرس میں آتشزدگی کے بعد اس کی تعمیر نو کے لئے فنڈز اکٹھے کرنے کے لئے ایک تنظیم قائم کی گئی تھی۔ فنڈ ریزنگ کرنے والی تنظیم ‘‘ فرنچ ہیریٹج فاؤنڈیشن ’’ نے  تعمیر نو کے لئے  13 ملین یورو (14.5 ملین ڈالر) اکٹھے  کئے تھے جن کی مدد سے نوٹر ڈیم کی تعمیر نو ممکن ہوسکی۔

 نوٹر ڈیم آف پیرس کے نام پر فنڈنگ کے لیے فراڈ گروپس کا بھی انکشاف ہوا ہے جو لوگوں کو بیوقوف بنا کر  لاکھوں ڈالر بٹورچکے ہیں۔

1832 میں وکٹر ہیوگو کا دوسرا اہم ترین ناولNotre Dame De Paris  شائع ہوا  ،جس نے ساری دنیا کے ادبی حلقوں میں تہلکہ مچا دیا۔ اس ناول کی اشاعت کےبعد چرچ کی عالمگیر مقبولیت میں اضافہ ہوا اور اس کے گوتھک طرز تعمیر کےعلاوہ دنیا بھر کے عاشق اس سے جڑی داستان کے حوالےسے بھی اس کے دیدار کے لئے آنے لگے ۔


1935 میں اس پر ڈائرکٹر ولیم ڈئیٹرلی نے اس پرhunch back of notre dam فلم بنائی جسے وکٹر ہیوگو اور دو دیگر مصنفین سونیا اور برونو فرانک نے تحریر کیا ۔ فلم میں سر چارلس ہارڈوک نے مرکزی کردار کیا ۔  فلم کو یورپ سمیت دنیا بھر میں مقبولیت حاصل ہوئی ۔برصغیر میں وکٹر ہیوگو کے ناولز کا ترجمہ سعادت حسن منٹو نے کیا۔  اس ناول کے متعددترجمےہوئے جبکہ سال 1972 میں  لالی وڈ میں اس پر ’’کبڑا عاشق ’’ کے نام سے فلم بھی بنی جس میں اداکار رنگیلا نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔

 فلم کی موسیقی ایم اشرف نے دی تھی جبکہ ڈائرکشن بھی رنگیلا کی تھی ۔ فلم کو خاص مقبولیت حاصل نہ ہوسکی جس کی اہم وجہ مرکزی کردار یعنی رنگیلا کا گونگا ہونا تھا تاہم اس کے گانوں نے تہلکہ مچا دیا۔


1996 میں ڈزنی فلمز  نے  hunch back of notre dam  کے نام سے اینی میٹڈ فلم بنائی جس نے دنیا بھر میں غیرمعمولی بزنس کیا  اور مقبولیت کے ریکارڈ قائم کئے فلم کے ڈائریکشن گیری ٹراؤز ڈیل اور کرک وائز نے دی تھی جبکہ کہانی ٹیب مرفی اور آئرین میشی نے لکھی ۔

Watch Live Public News