ویب ڈیسک: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے مردان میں واقع ایک سگریٹ فیکٹری پر چھاپہ مار کر 62 غیر قانونی سگریٹ کے کارٹن ضبط کرلیے ہیں۔
ذرائع کے مطابق ایف بی آر کی ان لینڈ ریونیو ٹیم نے فیکٹری پر چھاپہ مارا، جس دوران ضبط شدہ سگریٹ پر ٹیکسز کی ادائیگی نہیں کی گئی تھی۔ اس پر فیکٹری کو سیل کر کے اس کے مالکان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ فیکٹری سینیٹر دلاور خان کی ملکیت ہے، اور ان کے دباؤ کے باوجود یہ کارروائی کی گئی۔ ایف بی آر کے ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کی ہدایت کے تحت غیر قانونی کاروبار کرنے والی فیکٹریوں کے خلاف کارروائیاں بلا کسی سیاسی دباؤ کے جاری ہیں۔
دوسری جانب سینیٹر دلاور خان نے اس واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس وقت گاؤں میں موجود نہیں تھے اور انہیں فیکٹری پر چھاپے کے بارے میں کوئی علم نہیں ہے۔