ویب ڈیسک:سرگودھا پولیس نے ایک نجی اسکول کے دو طلبا کو گرفتار کرلیا، الزام ہے کہ انہوں نے اپنے ہی ہم جماعت طالب علم کو مبینہ زیادتی کا نشانہ بنایا اور ویڈیوز بنا کر بلیک میل کرتے رہے۔
پولیس کے مطابق ملزمان نے ایک طالبعلم کو اسلحے کے زور پر اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا اور واقعے کی ویڈیو بھی بنائی۔ جب متاثرہ لڑکا مزید دباؤ میں آنے سے انکار کر بیٹھا تو ملزمان نے ویڈیو سوشل میڈیا پر پھیلا دی۔
واقعہ اُس وقت سامنے آیا جب ایک متاثرہ طالبعلم کی والدہ نے سوشل میڈیا پر شکایت پوسٹ کی۔ اس پر ریجنل پولیس آفیسر ( RPO) سرگودھا نے نوٹس لیا اور سیٹلائٹ ٹاؤن پولیس کو کارروائی کی ہدایت دی۔
پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے متعدد قابلِ اعتراض ویڈیوز برآمد کر لیں۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق یہ ویڈیوز ایک درجن سے زائد طالبعلموں کی ہیں۔
ذرائع کے مطابق اسکول انتظامیہ نے ابتدا میں معاملے کو دبانے کی کوشش کی تھی، تاہم متاثرہ لڑکے کی والدہ نے ہمت نہیں ہاری اور شکایت درج کرانے پر اصرار کیا۔
خاتون کا کہنا تھا کہ ان کا بیٹا کچھ عرصے سے خاموش اور پریشان تھا اور اسکول جانے سے انکار کر رہا تھا، بعد میں اس نے ساری حقیقت بتا دی، پولیس نے مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔