لاہور: عمران خان کو چیئرمین تحریک انصاف کے عہدے سے ہٹانے کے لیے لاہور ہائیکورٹ میں دائر درخواست سماعت کے لیے مقرر کردی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق جسٹس ساجد محمود سیٹھی کل درخواست پر سماعت کریں گے، درخواست میں الیکشن کمیشن سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے ۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے عمران خان کو نااہل کردیا، وہ اب قومی اسمبلی کے ممبر نہیں رہے اور چیئرمین شپ کے عہدے پر بھی ان کے رہنےکا کوئی قانونی جواز نہیں۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت عمران خان کو چیئرمین پی ٹی آئی کے عہدے سے ہٹانے اور تحریک انصاف کو نیا چیئرمین مقرر کرنے کا حکم جاری کرے۔ خیال رہے کہ گزشتہ ماہ الیکشن کمیشن نے توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف و سابق وزیر اعظم عمران خان کو نااہل قرار دیا تھا، چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 4 رکنی بینچ نے متفقہ فیصلہ سنایا تھا۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے سنائے گئے فیصلے میں کہا گیا تھا کہ عمران خان رکن قومی اسمبلی نہیں رہے ہیں، عمران خان کی جانب سے جمع کرایا گیا جواب درست نہیں تھا، عمران خان کرپٹ پریکٹس میں ملوث رہے ہیں، ان کی قومی اسمبلی کی نشست کو خالی قرار دیا جاتا ہے۔ فیصلہ کے مطابق جھوٹی اسٹیٹمنٹ جمع کرانے پر عمران خان کے خلاف فوجداری کاروائی کی جائے گی، عمران خان کو آرٹیکل 63 ون پی کے تحت نااہل کیا گیا ہے،63 ون پی کے تحت نااہلی موجودہ رکنیت کے لئے ہے. خیال رہے کہ الیکشن کمیشن نے 19 ستمبر کو توشہ خانہ ریفرنس پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ واضح رہے کہ عمران خان نے توشہ خانہ ریفرنس میں 7 ستمبر کو الیکشن کمیشن میں اپنا تحریری جواب جمع کرایا تھا۔