پنجاب میں سموگ کی شدت برقرار، لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں شامل

پنجاب میں سموگ کی شدت برقرار، لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں شامل
کیپشن: پنجاب میں سموگ کی شدت برقرار، لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں شامل

ویب ڈیسک: بھارت سے آنے والی آلودہ ہواؤں نے پنجاب کی فضا کو بدستور دھندلا دیا ہے، جس کے باعث لاہور سمیت صوبے کے مختلف شہروں میں سموگ کی شدت میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔

ماحولیاتی اعداد و شمار کے مطابق، لاہور آلودگی کے لحاظ سے دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں دوسرے نمبر پر ہے۔ صوبائی دارالحکومت میں اوسط ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) 479 تک پہنچ گیا ہے، جب کہ بعض علاقوں میں یہ خطرناک حد سے بھی تجاوز کر گیا۔

لوئر مال میں AQI 804، شادمان میں 790، گلبرگ میں 770، سول سیکرٹریٹ میں 756، ساندہ روڈ پر 745، ڈی ایچ اے میں 744 اور شالیمار میں 585 ریکارڈ کیا گیا۔

پنجاب کے دیگر شہر بھی سموگ کی لپیٹ میں ہیں، گوجرانوالہ میں AQI 762، فیصل آباد میں 359 اور ملتان میں 304 تک پہنچ گیا۔

طبی ماہرین نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز، ماسک کے استعمال اور کھلی فضا میں سرگرمیوں سے پرہیز کی ہدایت کی ہے۔

دوسری جانب، خطرناک حد تک بڑھتی سموگ کے باعث پنجاب حکومت نے تعلیمی اداروں کے اوقاتِ کار میں تبدیلی کر دی ہے۔ محکمہ تعلیم کے مطابق، آج سے اسکول اور کالجز صبح 8 بج کر 45 منٹ پر کھلیں گے۔

ڈی جی ماحولیات پنجاب کے مطابق، سموگ کنٹرول کے لیے جاری حکمنامہ 31 جنوری 2026 تک نافذ رہے گا۔ اس کی خلاف ورزی پر 5 سے 10 لاکھ روپے تک جرمانہ کیا جا سکے گا۔

دریں اثنا، محکمہ موسمیات نے خوشخبری سنائی ہے کہ کل سے لاہور میں بارش کا امکان ہے، جس سے فضا میں موجود آلودگی اور سموگ کی شدت میں نمایاں کمی متوقع ہے۔

Watch Live Public News