دھرنے بھی چلتے رہیں گے اور مذاکرات بھی ہونگے، حافظ نعیم الرحمان 

دھرنے بھی چلتے رہیں گے اور مذاکرات بھی ہونگے، حافظ نعیم الرحمان 

(ویب ڈیسک) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ دھرنے بھی چلتے رہیں گے اور مذاکرات بھی ہونگے۔

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان اور حکومتی وفد  نے  پریس کانفرنس کی۔اس موقع پر احسن اقبال نے کہا کہ  پٹرولیم لیوی کے حوالے سے جماعت اسلامی کی تحریک جاری ہے ،ہم نے انھیں کہا کہ یہ ایک ایسا مسئلہ ہے کہ جسے ہر کوئی حل کرنے کی کوشش کر رہا ہے،ہم نے جماعت اسلامی سے کہا کہ اگر اسکا حل آپکے پاس ہے تو حکومت سے ضرور ڈسکس کریں،اس وقت ملک کی معیشت کی جو صورتحال ہے وہ سب کے سامنے ہے ،ہم بھی حکومت کا موقف جماعت اسلامی کے سامنے رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نہیں چاہتے ملک میں ایسی صورتحال ہو جس سے دشمن فائدہ اٹھائے ،اس وقت ملک کے امن کا بھی تقاضہ ہے،ہم اس وقت دہشتگردی کی جنگ لڑ رہے ہیں ،جماعت اسلامی نے یقین دلایا ہے کہ کوئی ایسا مطالبہ نہیں ہو گا جو عوام کے حق میں نہ ہو۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ جماعت اسلامی کے شکر گزار ہیں جنھوں نے ہماری گذارشات کو سنا ۔جماعت اسلامی کے احتجاج کا مقصد یہی ہے کہ عوام کو ریلیف دیا جائے اور مہنگائی میں کمی کی جائے ،ایران امریکہ جنگ کی وجہ سے مہنگائی کا طوفان آیا ہے ،حکومت نے اقدامات کئے ہیں کہ مہنگائی کو کنٹرول کر کے عوام کو ریلیف دیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے کہا کہ ہمارے پاس تجاویز ہیں جس سے عام آدمی کو ریلیف مل سکتا ہے،اس سے پہلے بجلی کے سیکٹر میں ایسا ہوا بھی ہے،جماعت اسلامی کی رائے سے بجلی کے سیکٹر میں بہتری آئی ہے۔

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ  حکومتی وفد سے اچھی گفتگع ہوئی، ان کے شکرگزار ہیں، آج ہمارے دھرنوں کا 19واں روز ہے، 3 مقامات سے دھرنے شروع کیے جو 15 مقامات تک پھیل چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ  ہم انتخابات کے لیے نہیں بلکہ عوام کے لیے دھرنے دے رہے ہیں، عوام مہنگائی کے باعث بے حد پریشان ہیں، حکومتی رپورٹ کے مطابق 40 فیصد سے زائد افراد غربت کی لکیر سے نیچے ہیں۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جن پر ٹیکس عائد نہیں ہوتا وہ بھی 35 فیصد لیوی ادا کر رہا ہے، پٹرولیم لیوی کا مقصد ریفائنریز کو بہتر کرنا تھا، حکومت نے 8 ہزار ارب روپے سے زائد لیوی کی مد میں جمع کیے،ہم سے جنگی حالات میں بھی لیوی وصول کی گئی۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ  آئی پی پیز کو بجلی نہ بنانے کے بھی پیسے عوام سے وصول کیے گئے، ری گیسیفکیشن کے پلانٹس پر بھی کیپسٹی پیمنٹ وصول کی جا رہی ہے، گزارش اتنی سی ہے کہ جب اتنی مہنگائی ہے تو حکومت کی طرف سے ریلیف دیا جائے ،کم از کم روٹی تو سستی کردیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری طرف سے ناجائز مطالبہ کبھی نہیں ہوتا ،مطالبہ ہے کہ لیوی ختم کریں، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کریں ،دھرنے چلتے رہیں گے، تاکہ حکومت سے اچھے طریقے سے بات چیت جاری رہے۔

Watch Live Public News