ویب ڈیسک: بھارت کے سینئر اور معروف اداکار پردیپ راوت 74 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکار کے منیجر نے ان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ پردیپ راوت کینسر کے مرض میں مبتلا تھے اور گزشتہ ایک ماہ سے زائد عرصے سے اسپتال میں زیر علاج تھے، جہاں وہ زندگی کی بازی ہار گئے۔
پردیپ راوت نے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز 1985 میں کیا اور تین دہائیوں سے زائد عرصے تک بھارتی فلم انڈسٹری میں اپنی منفرد اداکاری کے باعث پہچانے جاتے رہے۔ انہوں نے متعدد فلموں میں ولن کے یادگار کردار نبھائے، جنہیں شائقین نے بے حد سراہا۔
انہوں نے بالی وڈ کے نامور اداکاروں، جن میں امیتابھ بچن، راج ببر، ونود کھنہ اور دیگر شامل ہیں، کے ساتھ کئی کامیاب فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔
پردیپ راوت نے عامر خان کے ساتھ بلاک بسٹر فلموں لگان اور غجنی میں بھی نمایاں کردار ادا کیے، جن سے انہیں بین الاقوامی سطح پر بھی شہرت ملی۔ ہندی سینما کے علاوہ انہوں نے تامل، تیلگو، کنڑ، ملیالم اور دیگر علاقائی زبانوں کی فلموں اور ٹی وی ڈراموں میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔
ان کے انتقال پر بھارتی فلم انڈسٹری اور مداحوں کی جانب سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔