2025 پاکستان میں انٹرنیٹ کی رسائی کیلئے بدترین سال قرار

2025 پاکستان میں انٹرنیٹ کی رسائی کیلئے بدترین سال قرار
کیپشن: 2025 پاکستان میں انٹرنیٹ کی ترسیل کیلئے بدترین سال قرار

ویب ڈیسک: پاکستان نے 2025 میں انٹرنیٹ کنیکٹیوٹی کے حوالے سے بدترین سال کا سامنا کیا، جہاں ملک بھر میں مجموعی طور پر 68 انٹرنیٹ بندشیں ریکارڈ کی گئیں۔

پروپاکستانی کی ایک رپورٹ میں بتایا گیاہے کہ ان بندشوں کا دورانیہ مجموعی طور پر تقریباً 900 گھنٹے، یعنی لگ بھگ 38 دن بنتا ہے، جس کے باعث پورے ملک میں صارفین شدید متاثر ہوئے۔

انڈسٹری ذرائع نے ان بندشوں کی بنیادی وجوہات ریگولیٹری پابندیاں اور اپ اسٹریم فراہم کنندگان کو درپیش بیک بون مسائل قرار دیے، جن میں آبدوز (سب میرین) کیبلز میں آنے والی خرابیاں بھی شامل ہیں۔

حال ہی میں، ہفتے کے اختتام پر، بڑے انٹرنیٹ سروس فراہم کنندگان (آئی ایس پیز) کو ایک بار پھر ملک گیر، دن بھر جاری رہنے والی انٹرنیٹ بندش کا سامنا کرنا پڑا، جس کے باعث ملک بھر میں کنیکٹیوٹی متاثر ہوئی۔

2025 میں سب سے شدید انٹرنیٹ خلل مارچ کے مہینے میں سامنے آیا، جب ریگولیٹری پابندیوں کے باعث ملک بھر میں انٹرنیٹ کی رفتار نمایاں طور پر کم ہو گئی۔ یہ مسئلہ تقریباً 13 دن تک جاری رہا، جو سال کے دوران ریکارڈ کیا جانے والا سب سے طویل واحد کنیکٹیوٹی مسئلہ تھا۔

دوسرا بڑا مسئلہ ستمبر 2025 میں آبدوز کیبلز میں خرابی کے باعث پیش آیا، جس کے نتیجے میں تقریباً ایک ہفتے تک انٹرنیٹ سروس متاثر رہی۔

Watch Live Public News