ویب ڈیسک: بھارتی ریاست راجستھان کے شہر کوٹا میں چوری کی ایک انوکھی واردات ناکام ہو گئی، جب ایک چور باورچی خانے کے ایگزاسٹ فین کے سوراخ میں پھنس گیا۔ یہ واقعہ سبھاش کمار راوت کے گھر پیش آیا، جو 3 جنوری کو اپنی اہلیہ کے ہمراہ کھاٹو شیام مندر (ضلع سیکر) کی زیارت کے لیے گئے ہوئے تھے۔
گھر کے مالک اور ان کی اہلیہ اگلے روز رات تقریباً ایک بجے واپس پہنچے۔ مرکزی دروازہ کھولتے ہی انہیں گھر کے اندر غیر معمولی صورتحال کا احساس ہوا۔ باہر کھڑی اسکوٹر کی ہیڈلائٹ کی روشنی جب باورچی خانے میں پڑی تو ایک حیران کن منظر سامنے آیا۔
روشنی میں دیکھا گیا کہ ایک شخص باورچی خانے کے ایگزاسٹ فین کے سوراخ میں آدھا اندر اور آدھا باہر پھنسا ہوا تھا۔ اطلاعات کے مطابق چور نے ایگزاسٹ فین کے راستے گھر میں داخل ہونے کی کوشش کی، تاہم وہ اسی میں اٹک کر رہ گیا۔
In Rajasthan's Kota, a family returned from Khatu Shyam Ji darshan to find a thief stuck in the exhaust fan hole! They called police to pull him out. Accused Pawan drives a police officer's car. ????
— Ghar Ke Kalesh (@gharkekalesh) January 6, 2026
pic.twitter.com/mwNcxjD2AF
گھر والوں نے فوراً شور مچایا، جس پر پڑوسی موقع پر جمع ہو گئے جبکہ اطلاع ملتے ہی پولیس بھی وہاں پہنچ گئی۔ پولیس کے مطابق واردات میں دو چور شامل تھے، تاہم شور سن کر ایک ملزم فرار ہو گیا جبکہ دوسرا ایگزاسٹ فین میں پھنسا رہ گیا۔
پولیس نے بتایا کہ پھنسے ہوئے ملزم نے گھر والوں کو ڈرانے کی کوشش بھی کی اور دعویٰ کیا کہ اس کے ساتھی قریب ہی موجود ہیں۔ تقریباً ایک گھنٹے کی جدوجہد کے بعد پولیس نے ملزم کو ایگزاسٹ فین سے نکال کر حراست میں لے لیا، جبکہ اس سے تفتیش جاری ہے۔
پولیس نے ملزم کی ایک گاڑی بھی ضبط کی، جس پر پولیس کا اسٹیکر لگا ہوا تھا۔ شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ اسٹیکر لوگوں کو دھوکہ دینے کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔
واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جہاں صارفین دلچسپ اور طنزیہ تبصرے کر رہے ہیں۔ کئی صارفین نے واقعے کو برے عمل کا فوری انجام قرار دیا، جبکہ ایک صارف نے نام اور ایگزاسٹ فین میں پھنسنے کے واقعے کو جوڑتے ہوئے طنز کا نشانہ بنایا۔