لاہور: نگران وزیر اعلی کے تقرر کیلئے اسپیکر پنجاب اسمبلی محمد سبطین خان نے پارلیمانی کمیٹی تشکیل دیدی ہے۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی کی جانب سے پارلیمانی کمیٹی تشکیل دیئے جانے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے،کمیٹی میں میاں محمد اسلم اقبال ، محمد بشارت راجہ اور ہاشم جواں بخت شامل ہیں ۔اس کے علاوہ ملک احمد خان ، سید حسن مرتضیٰ اور ملک ندیم کامران بھی کمیٹی میں شامل ہیں ۔ کمیٹی کل رات دس بجے تک نگران وزیراعلی کا نام فائنل کرے گی۔ کمیٹی میں نگران وزیراعلی کا نام فائنل نہ ہونے پر معاملہ الیکشن کمیشن جائے گا۔ ادھر پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس طلب کر لیا گیا ہے، پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس کل دوپہر دو بجے ہوگا۔ پارلیمانی کمیٹی نگراں وزیر اعلی کے ناموں پر اتفاق رائے پر مشاورت کرے گی، پارلیمانی کمیٹی میں قائد ایوان اور حزب اختلاف کے ارکان شرکت کریں گے۔ پارلیمانی کمیٹی میں قائد ایوان کی جانب سے میاں اسلم اقبال، راجہ بشارت اور ہاشم جواں بخت ہونگے جبکہ متحدہ اپوزیشن کی جانب سے ملک احمد خان،ملک ندیم کامران،سید حسن مرتضی ہونگے۔ پارلیمانی کمیٹی کل کے اجلاس میں نگران کے ناموں پر اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوشش کرے گی، پارلیمانی کمیٹی کا نگراں وزیر اعلی ناموں پر اتفاق نہ ہوا تو معاملہ الیکشن کمیشن کو بھجوایا جائے گا۔