آسکر ایوارڈز 2026کب منعقد ہوں گے؟تاریخ کا اعلان ہوگیا

آسکر ایوارڈز 2026کب منعقد ہوں گے؟تاریخ کا اعلان ہوگیا
کیپشن: آسکر ایوارڈز 2026کب منعقد ہوں گے؟تاریخ کا اعلان ہوگیا

ویب ڈیسک: دنیا کے سب سے بڑے فلمی اعزاز "آسکر" کی 98ویں تقریب کی تاریخ کا باقاعدہ اعلان کر دیا گیا ہے۔ اکیڈمی آف موشن پکچر آرٹس اینڈ سائنسز کے مطابق آسکرز 2026 کی رنگا رنگ تقریب اتوار، 15 مارچ 2026 کو منعقد کی جائے گی۔

اکیڈمی کی جانب سے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر جاری بیان میں کہا گیا کہ "اپنے کلینڈرز پر نشان لگا لیں، 98ویں آسکر ایوارڈز کی تقریب 15 مارچ کو ہوگی، جبکہ نامزدگیاں 22 جنوری کو سامنے آئیں گی۔"

شفافیت کے لیے نئے ضوابط:

2026 کے آسکر ایوارڈز نہ صرف تاریخ کے لحاظ سے اہم ہوں گے بلکہ اس سال کئی نئے قوانین اور پالیسی تبدیلیاں بھی متعارف کروائی گئی ہیں۔

اب اکیڈمی ممبران پر لازم ہوگا کہ وہ جس کیٹیگری کے لیے ووٹ دیں، اس کی تمام نامزد فلمیں مکمل طور پر دیکھیں۔ اس اقدام کا مقصد ووٹنگ کے عمل میں مکمل دیانت داری اور شفافیت لانا ہے۔

اس کے علاوہ، ہر کیٹیگری میں فائنل ووٹنگ میں شامل تمام نامزد امیدواروں کی شمولیت کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ نمائندگی اور شفافیت میں مزید بہتری لائی جا سکے۔

نئی کیٹیگری: کاسٹنگ میں کارکردگی کا اعتراف

اس سال آسکر ایوارڈز میں ایک نئی کیٹیگری "Achievement in Casting" بھی شامل کی گئی ہے، جس کا فلمی حلقوں میں کافی عرصے سے مطالبہ کیا جا رہا تھا۔

اس کیٹیگری کے لیے ووٹنگ دو مراحل پر مشتمل ہوگی: پہلے مرحلے میں 10 فلمیں شارٹ لسٹ ہوں گی، جب کہ دوسرے مرحلے میں کاسٹنگ ڈائریکٹرز کے ایک مخصوص سیشن کے بعد فائنل ووٹنگ کی جائے گی۔

فلموں میں AI کے استعمال پر واضح ہدایات

مصنوعی ذہانت (AI) کے بڑھتے ہوئے رجحان کو مدنظر رکھتے ہوئے آسکرز 2026 کے لیے پہلی بار AI سے متعلق باضابطہ رہنما اصول بھی جاری کیے گئے ہیں۔

اکیڈمی نے واضح کیا ہے کہ فلموں میں AI کا استعمال کیا جا سکتا ہے، لیکن اس سے نہ تو نامزدگی کے امکانات میں اضافہ ہوگا اور نہ ہی کمی آئے گی۔ البتہ ہر فلم میں یہ ضرور پرکھا جائے گا کہ اس میں انسانی تخلیق کا کردار کتنا ہے۔

Watch Live Public News