ویب ڈیسک: آسٹریلیا کے سابق ٹیسٹ کرکٹر اور معروف کمنٹیٹر مائیکل سلیٹر کو گھریلو تشدد اور دیگر الزامات میں قصوروار قرار دیتے ہوئے 4 سال قید کی سزا سنا دی گئی۔
آسٹریلوی میڈیا رپورٹس کے مطابق ماروچیڈور ڈسٹرکٹ کورٹ، کوئنز لینڈ میں سلیٹر کے خلاف مقدمہ چلایا گیا، جس میں انہوں نے 7 مختلف الزامات کا اعتراف کیا۔ ان الزامات میں ایک خاتون پر گھریلو تشدد بھی شامل تھا، جو 2023 کے آخر میں سامنے آیا تھا۔
عدالت کا سخت مؤقف
سماعت کے دوران عدالت نے مائیکل سلیٹر کی شراب نوشی کی عادت کا بھی سختی سے نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ ری ہیبیلیٹیشن (نشے سے چھٹکارے کا علاج) ان کے لیے مؤثر ثابت نہیں ہو سکا۔
عدالت نے تمام شواہد اور بیانات کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں چار سال قید کی سزا سنائی، تاہم یہ بھی واضح کیا گیا کہ سلیٹر پہلے ہی ایک سال سے زائد عرصہ جیل میں گزار چکے ہیں، جس کا کریڈٹ سزا میں شامل ہوگا۔
کرکٹ کیریئر پر ایک نظر
یاد رہے کہ مائیکل سلیٹر نے اپنے کیریئر میں 74 ٹیسٹ اور 42 ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں آسٹریلیا کی نمائندگی کی۔ وہ 1990 کی دہائی میں ایک جارح مزاج اوپننگ بلے باز کے طور پر جانے جاتے تھے، بعد ازاں کمنٹری کے میدان میں بھی انہوں نے خاصی شہرت حاصل کی۔