بھارتی فضائیہ کو ایک اور دھچکا، تربیتی طیارہ گر کر تباہ

بھارتی فضائیہ کو ایک اور دھچکا، تربیتی طیارہ گر کر تباہ
کیپشن: بھارتی فضائیہ کو ایک اور دھچکا، تربیتی طیارہ گر کر تباہ

ویب ڈیسک: بھارتی ریاست گجرات میں فضائیہ کا ایک اور طیارہ گر کر تباہ ہوگیا۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق بھارتی ریاست گجرات کے ضلع امریلی میں ایئر فورس کا تربیتی طیارہ گر کر تباہ ہوگیا جبکہ حادثے میں پائلٹ جان کی بازی ہار گیا۔

بھارت میں ایک ٹرینی پائلٹ اس وقت اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا جب منگل کی سہ پہر گجرات کے امریلی ضلع کے رہائشی علاقے میں ایوی ایشن اکیڈمی سے تعلق رکھنے والا ایک تربیتی طیارہ گر کر تباہ ہو گیا۔

ضلع امریلی پولیس حکام کے مطابق طیارہ گرتے ہی اس میں آگ بھڑک اٹھی جس کے باعث پائلٹ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔

امریلی کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سنجے کھرات کے مطابق حادثے کی وجہ ابھی تک معلوم نہیں ہوسکی ہے تاہم اس حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔

یاد رہے کہ اس سے قبل مارچ میں بھارتی فضائیہ کے ایک ہی دن میں دو طیارے گر کر تباہ ہوگئے، جن میں سے ایک لڑاکا طیارہ تھا۔

بھارتی فضائیہ کے مطابق جیگوار لڑاکا طیارہ تربیتی مشق کے لیے امبالا ایئر بیس سے اڑا اور کچھ دیر بعد ہریانہ کے قریب گر کر تباہ ہوگیا تھا۔

فضائیہ کا کہنا تھا کہ پائلٹ نے طیارے کو آبادی سے دور لے جا کر بحفاظت نکلنے میں کامیابی حاصل کی۔ حادثے کی وجہ تکنیکی خرابی بتائی گئی ہے اور پائلٹ کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ واقعے کی تحقیقات کا حکم بھی دے دیا گیا ہے۔

دوسرا واقعہ مغربی بنگال میں پیش آیا تھا جہاں بھارتی فضائیہ کا ٹرانسپورٹ طیارہ اے این 32 بگڈوگرا ایئرپورٹ پر حادثے کا شکار ہوا تھا۔

رپورٹس کے مطابق اس حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور عملہ محفوظ رہا۔

نومبر 2024ء میں بھی ایک MiG-29 لڑاکا طیارہ آگرہ، اتر پردیش کے قریب گر کر تباہ ہوا تھا۔

حالیہ دفاعی رپورٹس کے مطابق بھارتی فضائیہ کی جنگی جہازوں کی تعداد 42 سے کم ہو کر محض 30 تک محدود ہوچکی ہے۔ 2025-26 تک بھارتی فضائیہ کے اسکواڈرنز کی تعداد 28 تک گر سکتی ہے، جو ممکنہ خطرات کے مؤثر دفاع کے لیے درکار 42 اسکواڈرنز سے بہت کم ہے۔

دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ حادثات بھارتی فضائیہ کی آپریشنل تیاریوں اور حفاظتی معیار پر سنگین سوالات ہیں۔ مودی کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے بھارت کا دفاعی نظام کھوکھلا ہو چکا ہے۔ بھارتی فضائیہ کے زنگ آلود جنگی جہاز مودی سرکار کی ناکامی کا شرمناک ثبوت ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ مودی سرکار کی ناکام پالیسیوں اور کرپشن کے سبب بھارتی فضائیہ ہر گزرتے دن کے ساتھ زوال پذیر ہو رہی ہے۔ مودی حکومت کے دفاعی بہتری کے وعدے صرف زبانی جمع خرچ کے سوا کچھ نہیں۔ ان مسلسل حادثات کے باوجود مودی سرکار کی جانب سے اصلاحات اور جدید کاری کے بلند و بالا دعوے صرف ایک فریب ہیں۔

Watch Live Public News