کچن میں موجود یہ غذا استعمال کریں اور گردوں کی بیماری سے محفوظ رہیں

کچن میں موجود یہ غذا استعمال کریں اور گردوں کی بیماری سے محفوظ رہیں
کیپشن: کچن میں موجود یہ غذا استعمال کریں اور گردوں کی بیماری سے محفوظ رہیں

ویب ڈیسک: اگر آپ خود کو گردوں کے تکلیف دہ دائمی امراض سے محفوظ رکھنا چاہتے ہیں تو اس کا حل کسی مہنگی دوا میں نہیں بلکہ آپ کے کچن میں موجود ہے۔

کینیڈین میڈیکل ایسوسی ایشن جرنل میں شائع ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق پھلوں، سبزیوں اور گری دار میوؤں پر مشتمل غذاؤں کا زیادہ استعمال جبکہ چینی اور چکنائی کا کم استعمال گردوں کے دائمی امراض کے خطرے کو نمایاں طور پر کم کر دیتا ہے۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ دنیا بھر میں ہر 10 میں سے ایک فرد کسی نہ کسی مرحلے پر گردوں کے دائمی مرض کا شکار ہو جاتا ہے، جس کے نتیجے میں جسم میں فاضل سیال اور نقصان دہ مادے جمع ہونے لگتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق گردے ہمارے جسم میں واٹر فلٹر کی طرح کام کرتے ہیں۔ جس طرح واٹر فلٹر پانی سے مضر اجزا کو الگ کرتا ہے، اسی طرح گردے خون کو صاف کرتے ہوئے زہریلے مادے اور اضافی سیال جسم سے خارج کرتے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ گردے پوٹاشیم، سوڈیم اور دیگر ضروری اجزا کا توازن برقرار رکھتے ہیں۔

گردے نہ صرف خون کو فلٹر کرتے ہیں بلکہ ایسے ہارمونز بھی پیدا کرتے ہیں جو بلڈ پریشر کو قابو میں رکھنے اور ہڈیوں کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ گردوں کی صحت مجموعی صحت کے لیے بے حد ضروری ہے۔

اس تحقیق میں 49 سے 69 سال کی عمر کے ایک لاکھ 79 ہزار سے زائد افراد کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا۔ شرکاء سے سوالناموں کے ذریعے غذائی عادات سے متعلق معلومات حاصل کی گئیں اور پھر 12 سال تک ان کی صحت پر نظر رکھی گئی۔

اس دوران 4819 افراد میں گردوں کے دائمی امراض کی تشخیص ہوئی۔

تحقیق کے نتائج سے معلوم ہوا کہ پھلوں، سبزیوں اور گری دار میوؤں کا زیادہ استعمال جبکہ سرخ گوشت، چینی اور چکنائی کا کم استعمال گردوں کے امراض کے خطرے کو کم کرتا ہے۔

ماہرین نے بتایا کہ زیادہ چینی اور چکنائی کے استعمال سے جسم میں ورم اور تکسیدی تناؤ بڑھتا ہے، جو گردوں کی صحت کو متاثر کر سکتا ہے۔

Watch Live Public News