سینیٹ کمیٹی نے نادرا ترمیمی بل 2026 منظور کر لیا

سینیٹ کمیٹی نے نادرا ترمیمی بل 2026 منظور کر لیا
کیپشن: سینیٹ کمیٹی نے نادرا ترمیمی بل 2026 منظور کر لیا

ویب ڈیسک: سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ نے حکومتی نادرا ترمیمی بل 2026 کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت نادرا کو اختیار حاصل ہو گا کہ وہ کسی شخص کا کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ (CNIC) مشکوک ہونے، شکایت وصول ہونے یا تحقیقات کی ضرورت پر عارضی طور پر 60 دن کے لیے بلاک یا ضبط کر سکے۔

بل کے مطابق اس دوران کارڈ نادرا کی تحویل میں رہے گا اور تصدیقی رپورٹ یا تحقیقات مکمل ہونے تک پابندی جاری رہے گی۔ بل کا مقصد قومی سکیورٹی، غیر قانونی شہریت اور جرائم سے نمٹنا بتایا گیا ہے۔

وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ شناختی کارڈ حساس قومی دستاویز ہے اور اس کا غلط استعمال سکیورٹی اور معیشت کے لیے خطرہ ہے، موجودہ قانون میں نادرا کو فوری کارروائی کا اختیار نہیں ملتا۔ ترمیم کے ذریعے نادرا کو مؤثر آپریشنل اختیارات دیے جائیں گے تاکہ جرائم پیشہ افراد قانونی کارروائی سے بچ نہ سکیں۔

خیال رہے کہ یہ بل وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے وزیر داخلہ کی ہدایت پر پیش کیا تھا۔ کمیٹی کی منظوری کے بعد اب بل سینیٹ کے اگلے اجلاس میں پیش کیا جائے گا، جہاں بحث اور ووٹنگ کے بعد قانون بن جائے گا۔

Watch Live Public News