پاکستان امن کا خواہاں ہے،پانی کے معاملے پر کسی کو غلط فہمی نہیں ہونی چاہیئے، بلاول بھٹو

پاکستان امن کا خواہاں ہے،پانی کے معاملے پر کسی کو غلط فہمی نہیں ہونی چاہیئے، بلاول بھٹو

(ویب ڈیسک)چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ   پاکستان امن کا خواہاں ہے، پانی کے معاملے پر کسی کو غلط فہمی نہیں ہونی چاہیئے۔

سندھ طاس معاہدے  سے متعلق بینالاقوامی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ پانی صرف جغرافیہ نہیں بلکہ خوراک، مستقبل اور زندگی کا سوال ہے،دنیا کو احساس ہو چکا کہ پانی  کے وسائل عالمی سیاست اور سلامتی کا مرکزی مسئلہ بن چکے ہیں ۔آبنائے ہرمز کی بندش نے عالمی معیشت کو متاثر کیا۔دریائے سندھ کا پانی پاکستان کی زندگی کی ضمانت ہے،سمندری گزرگاہوں یا آبی وسائل کو بطور ہتھیار استعمال کرنا عالمی امن کیلئے خطرناک رجحان ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ طاس معاہدے کی بحالی کے بغیر پاکستان اور بھارت کے درمیان پائیدار امن ممکن نہیں ۔ پاکستان نے جنگ بندی کی شرائط پر عمل کیا، بھارت نے وعدوں کی مکمل پاسداری نہیں کی۔ سندھ طاس معاہدے کے تحت پاکستان کے حصے کے پانی کا تحفظ یقینی بنایا جانا چاہیئے۔ سندھ محض ایک دریا نہیں بلکہ کروڑوں شہریوں کی زندگی ، زراعت اور معیشت کا ذریعہ ہے، سندھ ، جہلم اور چناب کے پانی پر پاکستان کا حق بین الاقوامی معاہدے کے تحت تسلیم شدہ ہے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ پانی کو محض تکنیکی تنازع نہیں بلکہ قومی سلامتی کے مسئلے کے طور پر دیکھا جانا چاہیئے، پاکستان کے آبی حقوق کو نقسان پہنچانے کی ہر کوشش کا قومی سطح پر جواب دیا جائے گا، پاکستان امن کا خواہاں ہے لیکن اپنے عوام کے بنیادی حقوق اور آبی مفادات پر سمجھوتہ نہیں کرے گا،کروڑوں عوام کے حقِ آب کے تحفظ پر پوری پاکستانی قوم متحد ہے۔ پانی کا سیاسی دباؤ یا بطور ہتھیار استعمال بین الاقوامی قوانین اور معاہدوں کے منافی ہے۔

Watch Live Public News