ویب ڈیسک: کینسر ایک خطرناک بیماری ہے، مگر اگر اس کی جلد تشخیص ہو جائے تو مکمل صحتیابی کا امکان بھی ہوتا ہے۔ تاہم، کینسر کا علاج تکلیف دہ ہو سکتا ہے، اور ابھی تک سائنسدان یہ تعین نہیں کر پائے کہ کس فرد کو کینسر ہونے کا زیادہ خطرہ ہوتا ہے۔ البتہ، کچھ عوامل ایسے ہیں جو کینسر کے خطرے کو بڑھاتے ہیں، جنہیں جان کر اس بیماری کا خطرہ سمجھا جا سکتا ہے۔
1. عمر
عمر میں اضافے کے ساتھ کینسر کا خطرہ بڑھتا ہے۔ کینسر کے تقریباً 50 فیصد مریضوں کی اوسط عمر 66 سال ہوتی ہے۔ تاہم، کینسر کسی بھی عمر میں ہو سکتا ہے، مگر عمر کو اس بیماری کا سب سے بڑا خطرہ سمجھا جاتا ہے۔
2. دائمی ورم
ورم جسم کا قدرتی ردعمل ہوتا ہے، لیکن جب یہ دائمی ہو جائے تو یہ ڈی این اے کو نقصان پہنچا سکتا ہے، جس سے کینسر کا خطرہ بڑھتا ہے۔
3. غذائی عادات
غذائی عادات اور کینسر کے خطرے کے درمیان تعلق پایا گیا ہے۔ الٹرا پراسیس غذائیں جیسے فاسٹ فوڈز، مٹھائیاں، نمکین اشیا، اور میٹھے مشروبات کینسر کے خطرے کو بڑھا سکتی ہیں۔ سرخ گوشت کے زیادہ استعمال کو بھی کینسر سے جوڑا گیا ہے۔
4. الکحل
الکحل کا زیادہ استعمال منہ، حلق، جگر، بریسٹ اور دیگر قسم کے کینسر کا خطرہ بڑھاتا ہے۔
5. موٹاپا
موٹاپا کینسر کی مختلف اقسام جیسے بریسٹ، آنتوں، گردے اور لبلبے کے کینسر کا باعث بن سکتا ہے۔ جسمانی وزن کو صحت مند سطح پر رکھنا کینسر سمیت دیگر امراض سے بچاؤ کے لیے ضروری ہے۔
6. ہارمونز
خواتین میں ایسٹروجن ہارمون کا توازن کینسر کے خطرے کو بڑھاتا ہے، خاص طور پر بریسٹ کینسر کے حوالے سے۔
7. کمزور مدافعتی نظام
کمزور مدافعتی نظام والے افراد میں کینسر کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے کیونکہ ان کا جسم کینسر سے لڑنے کی صلاحیت نہیں رکھتا۔
8. مخصوص امراض
کچھ بیماریوں جیسے ہیپاٹائٹس بی، ایچ آئی وی، ایچ پی وی اور Epstein-Barr virus سے کینسر کا خطرہ بڑھتا ہے۔
9. سورج کی روشنی
سورج کی شدید روشنی میں زیادہ وقت گزارنا، خاص طور پر دوپہر اور سہ پہر کے دوران، جِلد کے کینسر کا خطرہ بڑھا سکتا ہے۔
10. تمباکو نوشی
تمباکو نوشی کینسر کے 12 مختلف اقسام جیسے پھیپھڑوں، مثانے، معدے اور منہ کے کینسر کا خطرہ بڑھاتی ہے۔
کینسر کے خطرے کو کم کرنے کے لیے صحت مند عادات اپنانا اور ان عوامل سے بچنا ضروری ہے جن سے اس بیماری کا خطرہ بڑھتا ہے۔