چینی صدر کی ایس سی او ترقیاتی بینک تجویز، خطے میں معاشی تعاون پر زور

چینی صدر کی ایس سی او ترقیاتی بینک تجویز، خطے میں معاشی تعاون پر زور
کیپشن: چینی صدر کی ایس سی او ترقیاتی بینک تجویز، خطے میں معاشی تعاون پر زور

ویب ڈیسک: چین کے شہر تیانجن میں جاری شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے اجلاس میں چینی صدر شی جن پنگ نے تنظیم کے رکن ممالک کے لیے ایک اہم تجویز پیش کرتے ہوئے ایس سی او ترقیاتی بینک کے قیام پر زور دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ رکن ممالک کو مشترکہ ترقی اور خوشحالی کے لیے تجارتی و معاشی شعبوں میں نئے مواقع سے فائدہ اٹھانا ہوگا۔

اجلاس میں وزیراعظم پاکستان شہباز شریف، روسی صدر ولادیمیر پیوٹن، ملائیشیا کے صدر انور ابراہیم، ترکی کے صدر رجب طیب ایردوان اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سمیت دیگر عالمی رہنما بھی شریک ہیں۔ دو روزہ اجلاس میں تقریباً 20 ممالک کے سربراہان موجود ہیں جو خطے کے مسائل اور عالمی تعاون سے متعلق پالیسی تجاویز پیش کر رہے ہیں۔

چینی صدر نے خطاب میں کہا کہ ایس سی او ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جو باہمی اعتماد، اصولوں اور تعاون کی بنیاد پر آگے بڑھ رہا ہے۔ وقت کے ساتھ یہ تنظیم ایک تناور درخت کی شکل اختیار کر چکی ہے، جس کی جڑیں مضبوط اور شاخیں وسیع ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ رکن ممالک کو چاہیے کہ وہ تجارت، معیشت اور رابطوں کے فروغ کے لیے مشترکہ اقدامات کریں تاکہ عوام کی خوشحالی کو یقینی بنایا جا سکے۔

شی جن پنگ نے مزید کہا کہ چین رکن ممالک کی سماجی اور معاشی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہے اور اسی مقصد کے لیے ایس سی او ترقیاتی بینک کا قیام اہم ثابت ہوگا۔ ان کے مطابق یہ بینک رکن ممالک کے درمیان مالی تعاون، سرمایہ کاری اور ترقیاتی منصوبوں کے لیے ایک مضبوط پلیٹ فارم فراہم کرے گا۔

اس موقع پر وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے اجلاس میں شرکت کرتے ہوئے پاکستان کا نکتہ نظر پیش کرنے کا عندیہ دیا۔ وہ عالمی مسائل کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ خطے میں تعاون اور استحکام کے لیے ایس سی او کے کردار کو مزید فعال بنانے سے متعلق تجاویز بھی پیش کریں گے۔

Watch Live Public News