سعودی عرب میں زیرِ تعمیر جدہ ٹاور نے اہم سنگِ میل عبور کرلیا

سعودی عرب میں زیرِ تعمیر جدہ ٹاور نے اہم سنگِ میل عبور کرلیا
کیپشن: سعودی عرب میں زیرِ تعمیر جدہ ٹاور نے اہم سنگِ میل عبور کرلیا

ویب ڈیسک: سعودی عرب میں زیرِ تعمیر جدہ ٹاور نے اہم سنگِ میل عبور کرلیا، عمارت کی تعمیر 113 منزلوں اور 454 میٹر بلندی تک پہنچ گئی ہے، جس کے بعد اس نے ملائیشیا کے مشہور پیٹروناس ٹاورز کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

جدہ ٹاور کی تعمیر مکمل ہونے پر اس کی بلندی تقریباً 3,280 فٹ (ایک کلومیٹر) ہوگی، یوں یہ دنیا کی بلند ترین عمارت بن جائے گا اور دبئی کے 2,722 فٹ بلند برج خلیفہ کا ریکارڈ توڑ دے گا۔

جدہ ٹاور کا ڈیزائن امریکی ماہرِ تعمیرات آڈرین اسمتھ کی فرم نے تیار کیا ہے، جبکہ اس کی تعمیر سعودی بن لادن گروپ کر رہا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ برج خلیفہ کا ڈیزائن بھی آڈرین اسمتھ نے ہی تیار کیا تھا۔

تعمیراتی کام کے دوران شدید گرمی اور تیز ہواؤں سمیت مختلف موسمی چیلنجز کا سامنا رہا۔ منصوبے کے مطابق کام موجودہ رفتار سے جاری رہا تو جدہ ٹاور اگست 2028 تک مکمل ہو سکتا ہے۔

جدہ ٹاور کا منصوبہ 2008 میں سامنے آیا اور تعمیراتی کام 2013 میں شروع ہوا، تاہم 2018 میں کام روک دیا گیا تھا۔ اس وقت عمارت کا تقریباً ایک تہائی حصہ مکمل ہوچکا تھا۔

مکمل ہونے کے بعد ٹاور میں ہوٹل، اپارٹمنٹس، دفاتر، آؤٹ ڈور ڈیک اور دنیا کا بلند ترین آبزرویشن ڈیک شامل ہوگا۔ عمارت میں مجموعی طور پر 59 لفٹیں اور 12 ایسکلیٹرز بھی نصب کیے جائیں گے۔

تعمیراتی کام جلد ہی 500 میٹر کی بلندی تک پہنچنے کی توقع ہے، جو منصوبے کی تقریباً 50 فیصد تکمیل کے برابر ہوگی۔

Watch Live Public News