شمالی کوریا کے آئین میں بڑی تبدیلی، کم جونگ اُن کو باضابطہ سربراہ مملکت قرار دیدیا گیا

شمالی کوریا کے آئین میں بڑی تبدیلی، کم جونگ اُن کو باضابطہ سربراہ مملکت قرار دیدیا گیا

(ویب ڈیسک ) شمالی کوریا کے آئین میں ترمیم کی گئی ہے جس کے تحت کم جونگ اُن کو   سربراہ مملکت قرار دے دیا گیا ہے۔

جنوبی کوریا کی خبر ایجنسی کے مطابق ترمیم شدہ آئین کے تحت شمالی کوریا کے ریاستی امور کے کمیشن کے سربراہ کم جونگ اُن کے اختیارات میں نمایاں اضافہ کر دیا گیا ہے اور انہیں باضابطہ طور پر ملک کا سربراہ مملکت قرار دے دیا گیا ہے۔ اب ان کے اختیارات سپریم پیپلز اسمبلی سے بھی زیادہ ہو گئے ہیں۔

خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ نئی ترمیم کے تحت کم جونگ اُن کو ملک کی  نیو کلیئر فورس کی کمان کا واضح اختیار بھی حاصل ہے، اور وہ اس اختیار کو کسی دوسرے ادارے کو منتقل کرنے کا بھی حق رکھتے ہیں۔

آئین میں شمالی کوریا کو ایک ذمہ دار جوہری ریاست قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ قومی سلامتی اور جنگ سے بچاؤ کے لیے جوہری پروگرام جاری رکھا جائے گا۔

مزید برآں، ترمیم شدہ آئین میں سپریم پیپلز اسمبلی کا وہ اختیار بھی ختم کر دیا گیا ہے جس کے تحت وہ ریاستی امور کے کمیشن کے سربراہ کو عہدے سے ہٹا سکتی تھی، جس کے نتیجے میں اسمبلی کا نگرانی کا کردار عملاً ختم ہو گیا ہے۔

Watch Live Public News