شجاع آباد:سپربندکا شگاف بند کرتے 3 مزدور ریلے میں بہہ گئے

شجاع آباد:سپربندکا شگاف بند کرتے 3 مزدور ریلے میں بہہ گئے
کیپشن: شجاع آباد:سپربندکا شگاف بند کرتے 3 مزدور ریلے میں بہہ گئے

ویب ڈیسک: ملتان کی تحصیل شجاع آباد میں دریائے چناب پر قائم سپربند میں 80 فٹ چوڑا شگاف پڑنے سے بڑے پیمانے پر سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی۔ شگاف کو بند کرنے کی کوشش میں مصروف 3 مزدور تیز ریلے کی نذر ہوگئے، جن میں سے 2 کو ریسکیو اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے زندہ بچا لیا، تاہم ایک مزدور کی تلاش تاحال جاری ہے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق شگاف پُر کرنے کے لیے بھاری مشینری طلب کرلی گئی ہے، تاہم پانی کے دباؤ کے باعث مرمتی کام شدید مشکلات کا شکار ہے۔ بند ٹوٹنے کے نتیجے میں بستی مٹھو، سومن اور بستی بنگالا کے علاقے زیر آب آگئے ہیں، جہاں سے مقامی آبادی کا انخلا جاری ہے۔ متعدد دیہاتی اپنی جان بچانے کے لیے کشتیوں اور عارضی سواریوں کا سہارا لے رہے ہیں، جبکہ انتظامیہ نے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں تیز کرنے کا عندیہ دیا ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل ملتان کی تحصیل جلالپور پیر والا بھی سیلابی پانی کی لپیٹ میں آچکی ہے۔ سی پی او ملتان صادق علی ڈوگر کے مطابق تحصیل جلالپور کے 90 فیصد نواحی علاقے زیر آب آچکے ہیں اور شہر کو چاروں اطراف سے پانی نے گھیر لیا ہے۔ صورتحال کے پیش نظر ہنگامی بنیادوں پر عوام کا انخلا جاری ہے تاکہ کسی بڑے جانی نقصان سے بچا جا سکے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ دریائے چناب میں پانی کی سطح مسلسل بلند ہورہی ہے جس سے مزید شگاف پڑنے کا خدشہ ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ متاثرہ علاقوں سے فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہوجائیں اور ریسکیو ٹیموں سے تعاون کریں۔

Watch Live Public News