ویب ڈیسک: پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل ( پی ایم ڈی سی) نے ملک میں جاری سیلابی صورتحال کے باعث میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں داخلے کے لیے ہونے والے داخلہ ٹیسٹ (ایم ڈی کیٹ) کے شیڈول میں تبدیلی کا اعلان کردیا ہے۔ یہ فیصلہ وزیر صحت مصطفیٰ کمال کی ہدایت اور چاروں صوبوں سمیت آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے نمائندوں کی مشاورت کے بعد کیا گیا۔
پی ایم ڈی سی کے مطابق ایم ڈی کیٹ کا انعقاد اب مقررہ تاریخ سے تقریباً تین ہفتے مؤخر کردیا گیا ہے۔ ٹیسٹ پہلے 5 اکتوبر 2025 کو ہونا تھا تاہم نئی تاریخ کے مطابق اب یہ 26 اکتوبر 2025 بروز اتوار کو منعقد ہوگا۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام طلبہ کے وسیع تر مفاد میں کیا گیا ہے تاکہ وہ اپنی تیاری بہتر طریقے سے مکمل کر سکیں۔
وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ سیلاب کی وجہ سے ہزاروں طلبہ براہِ راست متاثر ہوئے ہیں۔ کئی علاقوں میں تعلیمی سرگرمیاں معطل ہیں، کتابوں اور نوٹس کا نقصان ہوا ہے جبکہ آمدورفت کے مسائل بھی طلبہ کی تیاری میں رکاوٹ بن رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایم ڈی کیٹ کی ری شیڈولنگ ان تمام مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے کی گئی تاکہ تمام امیدواروں کو یکساں مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
پی ایم ڈی سی حکام نے مزید وضاحت کی کہ ٹیسٹ کی نئی تاریخ سے متعلق باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔ تمام امیدواروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنی تیاری کو نئے شیڈول کے مطابق ترتیب دیں۔ مزید یہ کہ ٹیسٹ کے طریقہ کار، سوالات کے پیٹرن یا سلیبس میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔