ویب ڈیسک: قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے حالیہ خطاب پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ مودی کے اندازِ گفتگو سے لگتا ہے کہ ابھی تک انہیں مکمل چین نہیں آیا۔
اپنے بیان میں عمر ایوب نے کہا کہ بانیٔ پی ٹی آئی نے چار سال پہلے ہی خبردار کر دیا تھا کہ مودی فالس فلیگ آپریشن کرکے اس کا ملبہ پاکستان پر ڈالے گا۔ آج حالات نے ان کی باتوں کو درست ثابت کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فاشسٹ مودی اگر ہمت رکھتا ہے تو پاکستان پر دوبارہ حملہ کرنے کا شوق پورا کر لے، لیکن یاد رکھے کہ پاکستانی قوم اور افواج متحد ہیں اور ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دیں گے۔
عمر ایوب کا کہنا تھا کہ مودی کے خطاب سے واضح ہے کہ وہ داخلی دباؤ کا شکار ہیں، اپنی ناکامیوں سے توجہ ہٹانے کے لیے پاکستان کو نشانہ بنانے کی پرانی روش اپنائی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے اپنے حالیہ خطاب میں پہلگام واقعے کو ظلم قرار دیتے ہوئے ایک بار پھر پاکستان پر روایتی الزامات دہرائے، تاہم ان کے اندازِ بیان سے وہ آف کلر دکھائی دیے اور ان کا خطاب غیرمعمولی جوش و خروش سے خالی تھا۔