ویب ڈیسک: بھارت نے پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے جھوٹ کا سہارا لیکر پاکستان کیخلاف کھلی جارحیت کا ارتکاب کیا۔
تفصیلات کے مطابق ذرائع کا کہناہے کہ بھارت نے نہ صرف پاکستان کیخلاف جارحیت کی بلکہ نہتے معصوم شہریوں کو ہدف بنا کر جنگی جرائم بھی کئے۔
بھارتی فضائیہ کے ایئر مارشل اے کے بھارتی نے خود اعتراف کیا کہ ’’اگر کوئی سویلینز مارے بھی گئے ہیں تو ان کو گننا ہمارا کام نہیں ہے‘‘۔
سکیورٹی ذرائع کا کہناہے کہ بھارتی افواج کی 6 اور 7 مئی کو کھلی جارحیت میں 40 سویلینز شہید ہوئےجس میں 15 معصوم بچے ،7 خواتین اور 18 مرد بھی شامل تھے، بھارتی جارحیت سے 121 پاکستانی شدید زخمی بھی ہوئے جن میں 10 خواتین اور 27 معصوم بچے شامل تھے،بھارتی جارحیت کا مقابلہ کرتے ہوئے مسلح افواج بشمول پاک فضائیہ اور آرمی کے کل 13 بہادر بھی شہید ہوئے۔
دفاعی ماہرین کا کہناہےکہ نہتے اور معصوم شہریوں کے شہید ہونے کے شواہد ثبوت ہیں کہ بھارتی افواج نے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کی،اقوام متحدہ اور دیگر انسانی حقوق کے اداروں کو بھارت کے اس اقدام پر انصاف کے کٹہرے میں لانا چاہئے، پاکستانی افواج نے اپنے دفاع میں جتننے بھی جوابی حملے کئے اس میں صرف اور صرف فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔