سیاست نہیں چھوڑی، حسینہ اب بھی بنگلہ دیش کی وزیراعظم ہیں، بیٹا سجیب واجد

hasina still bangladesh PM, sajeeb wajid
کیپشن: hasina still bangladesh PM, sajeeb wajid
سورس: google

 ویب ڈیسک :شیخ حسینہ واجد کے بیٹے سجیب واجد جوئے نے کہا ہے کہ شیخ حسینہ قانونی طور پر بنگلہ دیش کی وزیراعظم ہیں انہوں نے استعفا نہیں دیا۔۔ عوامی لیگ واپس آئے گی ، ہم ابھی مرے نہیں۔

 بھارتی ذرائع ابلاغ کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شیخ حسینہ نئی دہلی میں ہیں اور فی الحال کہیں اور جانے کا ان کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

  ان کاکہنا تھا کہ ہم نے شروع میں فیصلہ کیا تھا کہ ہم سیاست چھوڑ دیں گے، لیکن چونکہ ہماری پارٹی کے لوگوں پر حملے ہو رہے ہیں، اس لیے ہمیں اس پر نظر ثانی کرنی پڑی۔ ہم انہیں ایسے نہیں چھوڑ سکتے۔

 آئینی طور پر شیخ حسینہ نے کبھی استعفیٰ نہیں دیا کیونکہ انہیں ایسا کرنے کا کبھی موقع نہیں ملا، اس لیے یہ ایک آئینی مسئلہ ہے۔ آئینی طور پر وہ بنگلہ دیش کی وزیر اعظم  ہی ہیں۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا حسینہ واجد کی سیاسی واپسی ہوگی یا عوامی لیگ کا احیاء ہوگا تو انہوں نے زور دے کر کہا کہ عوامی لیگ بنگلہ دیش کی سب سے پرانی اور سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے۔ انہوں نے کہا کہ "ہم مرے نہیں، ہم کہیں نہیں جا رہے... عوامی لیگ واپس آ رہی ہے۔"

سجیب واجد نے وزیر اعظم نریندر مودی اور بھارتی حکومت کا شکریہ ادا کیا اور کہا، "بھارتی حکومت نے اپنے فوری ردعمل سے ان (شیخ حسینہ) کی جان بچائی۔" انہوں نے کہا، "میں ان جتنا بھی شکریہ ادا کروں، کم ہے اور میں ہمیشہ شکر گزار رہوں گا۔

 اسی کے ساتھ انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش میں سیکولر حکومت کے بغیر، بدقسمتی سے اقلیتوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ میرا ماننا ہے کہ بنگلہ دیش میں لوگوں کو محفوظ رکھنے، سرحد کو محفوظ بنانے اور انتہا پسندی کو ختم کرنے کے لیے ہمیں ایک پرامن سیکولر حکومت کی ضرورت ہے۔