بنگلہ دیش والے حالات یہاں بھی ہوسکتے ہیں، سابق بھارتی وزیرخارجہ نے خبردار کردیا

بنگلہ دیش والے حالات یہاں بھی ہوسکتے ہیں، سابق بھارتی وزیرخارجہ نے خبردار کردیا
کیپشن: بنگلہ دیش والے حالات یہاں بھی ہوسکتے ہیں، سابق بھارتی وزیرخارجہ نے خبردار کردیا

ویب ڈیسک: کانگریس رہنما اور بھارت کے سابق وزیرخارجہ سلمان خورشید نے خبردار کیا ہے کہ بنگلہ دیش میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ بھارت میں بھی ہو سکتا ہے۔ 

رپورٹ کے مطابق ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بنگلہ دیش میں نظر آنے والی بدامنی ممکنہ طور پر بھارت میں بھی ہو سکتی ہے۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ ظاہری طور پر معمول کے مطابق ہونے کے باوجود بنیادی مسائل اسی طرح کے ہنگاموں کا باعث بن سکتے ہیں۔

وہ سابق مرکزی وزیر ماہر تعلیم مجیب الرحمان کی کتاب 'شکوہ ہند: دی پولیٹیکل فیوچر آف انڈین مسلمز' کے اجراء کے موقع پر بات کر رہے تھے۔

اس موقعے پر انہوں نے کہا کہ کشمیر میں سب کچھ نارمل نظر آ سکتا ہے۔ یہاں سب کچھ نارمل نظر آ سکتا ہے۔ ہو سکتا ہے ہم جیت کا جشن منا رہے ہوں، حالانکہ یقیناً کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ 2024 کی فتح یا کامیابی شاید معمولی تھی، شاید ابھی بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔  بھارت کے سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ جو بنگلہ دیش میں ہو رہا ہے وہ بھارت میں بھی ہو سکتا ہے۔

مقبوضہ کشمیر کے تین دفعہ وزیراعلی رہنے والے سیاسی رہنما شیخ فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ بھارت کو انتہائی محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔ تمام آمروں کا یہی حال ہوگا۔

امید ہے کہ پڑوسی ملک اس بحران پر قابو پالے گا اور ہندوستان کے ساتھ خوشگوار تعلقات برقرار رکھے گا۔

فاروق عبداللہ نے مزید کہا کہ بنگلہ دیش میں کئی سالوں سے بدامنی ہے اور بے روزگاری اس کی ایک بڑی وجہ ہے۔ دوسری بات یہ کہ ملک کی معاشی حالت بھی بہت خراب تھی۔ یہ سب ایسی صورت حال کا باعث بنا جس کے نتیجے میں حکومت کا خاتمہ ہوا۔ انہوں نے کہا،تمام آمروں کو یاد رکھنا چاہیے کہ وہ انہی حالات کا سامنا کریں گے جس کا بنگلہ دیش کو سامنا کرنا پڑا۔