اقوام متحدہ کا بنگلہ دیشن میں اقتدار کی پرامن منتقلی کا مطالبہ

اقوام متحدہ کا بنگلہ دیشن میں اقتدار کی پرامن منتقلی کا مطالبہ
کیپشن: اقوام متحدہ کا بنگلہ دیشن میں اقتدار کی پرامن منتقلی کا مطالبہ

ویب ڈیسک: (علی زیدی) اقوام متحدہ نے بنگلہ دیش میں اقتدار کی پرامن منتقلی کے حوالے سے کہا ہے کہ اس دوران انسانی حقوق کو مدِنظر رکھا جائے اور پرتشدد واقعات کے ذمہ داران کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔

تفصیلات کے مطابق شیخ حسینہ واجد کے وزیر اعظم کے عہدے سے مستعفی ہونے اور طلبا کے احتجاج کے پیشِ نظر بنگلہ دیش چھوڑنے کے بعد اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق وولکر ترک نے کہا کہ سینکڑوں افراد کی ہلاکت اور بڑی تعداد میں زخمی ہونے والوں کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جانا چاہیے۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ ’ اقتدار کی منتقلی کو شفاف اور جوابدہ طریقے سے انجام دیا جانا چاہیے اور بنگلہ دیش کے تمام شہریوں کی اس عمل میں بامعنی شرکت کو یقینی بنایا جانا چاہیے۔ ساتھ ہی اس بات کا بھی خیال رکھا جائے کہ اس دوران تشدد یا انتقامی کارروائی نہ ہو۔‘

اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق نے یہ بھی کہا کہ جمہوری عمل اور قانون کی حکمرانی کو جلد از جلد یقینی بنایا جانا چاہیے اور ایسے میں بین الاقوامی قوانین کا بھی خیال رکھا جائے۔

انھوں نے مزید کہا کہ ’موجودہ حالات میں اور عوامی اعتماد کو یقینی بنانے کے لیے ایک آزادانہ انکوائری کی جانی چاہیے اور ہم اس عمل کی حمایت کے لیے تیار ہے۔‘

اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق وولکر ترک نے کہا کہ ’انصاف اور اصلاحات کے مطالبات پر توجہ دی جانی چاہیے۔‘