بنگالی طلباء نے سابق کرکٹر مشرفی مرتضٰی کا گھر نذرآتش کردیا

بنگالی طلباء نے سابق کرکٹر مشرفی مرتضٰی کا گھر نذرآتش کردیا
کیپشن: بنگالی طلباء نے سابق کرکٹر مشرفی مرتضٰی کا گھر نذرآتش کردیا

ویب ڈیسک: (علی زیدی) بنگالی عوام کا غم وغصہ ابھی بھی ٹھنڈا نہ ہوسکا۔ سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کے قریبی ساتھیوں کی شامت آگئی۔ بنگالی عوام نے عوامی لیگ سے رکن پارلیمنٹ منتخب ہونے والے سابق کرکٹر مشرفی مرتضیٰ کے گھر کو نذرآتش کردیا۔ گھر کو آگ لگانے سے پہلے گھر میں توڑ پھوڑ بھی کی گئی۔ 

تفصیلات کے مطابق مشرفی مرتضیٰ بنگلہ دیش کے نریل -2 حلقے سے رکن پارلیمنٹ ہیں، جنہیں سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ کے بہت قریب سمجھا جاتا ہے۔ مرتضیٰ اس سال مسلسل دوسری بار نریل-2 سیٹ سے رکن پارلیمنٹ منتخب ہوئے تھے۔ 

مشرفی مرتضیٰ کے گھر کو آگ لگانے کے علاوہ پرتشدد عناصر نے ضلع میں واقع عوامی لیگ کے دفتر کو بھی آگ لگا دی۔ اسی ضلع میں پارٹی صدر سبھاش چندر بوس کے گھر میں توڑ پھوڑ کی گئی ہے۔ نارائن گنج-4 حلقہ اور عوامی پارٹی سے وابستہ کئی رہنماؤں  کے گھروں میں لوٹ مار اور توڑ پھوڑ کی خبر ہے۔

واضح رہے کہ مشرفی مرتضیٰ نے 20 سال تک بنگلہ دیش کے لیے کرکٹ کھیلی اور طویل عرصے تک کپتان بھی رہے۔ اپنے تاریخی کیریئر میں انہوں نے 36 ٹیسٹ میچز کھیلے جس میں ان کے نام 78 وکٹیں اور 797 رنز ہیں۔ ان کے نام 220 ون ڈے میچوں میں 270 وکٹیں ہیں اور بطور بلے باز انہوں نے 1,787 رنز بنائے ہیں۔ اپنے ٹی ٹوئنٹی کیریئر کے 54 میچوں میں انہوں نے 42 وکٹیں اور 377 رنز بنائے۔