بنگلہ دیش کی عبوری حکومت محمد یونس کی سربراہی میں آج حلف اٹھائے گی

بنگلہ دیش کی عبوری حکومت محمد یونس کی سربراہی میں آج حلف اٹھائے گی
کیپشن: بنگلہ دیش کی عبوری حکومت محمد یونس کی سربراہی میں آج حلف اٹھائے گی

ویب ڈیسک: بنگلہ دیش کی عبوری حکومت آج نوبیل انعام یافتہ ماہر اقتصادیات محمد یونس کی سربراہی میں حلف اٹھائے گی، جس کے بعد امکان ہے کہ ملک میں کئی روز سے جاری بد امنی ختم ہوگی اور استحکام بحال ہوگا۔

جولائی میں سرکاری ملازمتوں کے لیے کوٹہ سسٹم کے خلاف طلبہ کے مظاہروں سے شروع ہونے والی بدامنی جلد ہی وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کے 15 سالہ دور حکومت کے لیے ایک بڑا مسئلہ بن گئی  تھی، جس کے دوران صرف چند ہفتوں میں 300 سے زیادہ اموات ہوئیں۔

پانچ اگست کو حسینہ واجد استعفیٰ دے کر انڈیا روانہ ہوگئیں جبکہ طلبہ رہنماؤں نے پارلیمنٹ تحلیل کرکے محمد یونس کو عبوری حکومت کا سربراہ مقرر کرنے کا مطالبہ کیا۔

بنگلہ دیش کے صدر محمد شہاب الدین، جو ایک علامتی شخصیت ہیں اور اب آئین کے تحت چیف ایگزیکٹو کے طور پر کام کر رہے ہیں، نے منگل کو پارلیمنٹ تحلیل کر دی تھی، جس سے عبوری انتظامیہ کی راہ ہموار ہوئی، جس کے بارے میں توقع ہے کہ وہ نئے انتخابات کا شیڈول جاری کرے گی، لیکن یہ واضح نہیں ہے کہ یہ انتخابات کب ہوں گے۔