بنگلادیش؛ ویرات کوہلی بھی مظاہرین میں شامل؟ ویڈیو نے دھوم مچا دی

بنگلادیش؛ ویرات کوہلی بھی مظاہرین میں شامل؟ ویڈیو نے دھوم مچا دی
کیپشن: Virat Kohli lookalike
سورس: Facebook

ویب ڈیسک: بنگلہ دیش میں شیخ حسینہ واجد کی حکومت کا تختہ اُلٹ چکا ہے، ملک بھر میں طلبا تحریک نے کامیابی حاصل کرنے پر جشن منایا اور حکومت کے خلاف بھرپور نعرے بازی کی، سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو کافی وائرل ہورہی جس میں ویرات کوہلی کا ہمشکل احتجاج کررہا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہےکہ ویرات کوہلی کے ہم شکل ایک شخص کو بنگلادیشی نوجوانوں نے کندھے پر اٹھایا ہوا ہے اور وہ بھرپور جوش وخروش سے نعرے لگا رہا ہے، ویرات کوہلی کے ہم شکل شخص نے انڈین پریمیئر لیگ کی فرنچائز  رائل چیلنجز بنگلورو کی کیپ پہنی ہوئی ہے۔

پہلی نظر میں ایسا معلوم ہوتا ہےکہ یہ بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی ہی ہیں جو بنگلادیشی مظاہرین سے اظہار یکجہتی کے لیے احتجاج میں شامل ہوگئے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق مذکورہ ویڈیو 5 اگست کی ہے جب حسینہ واجد کی جانب سے مستعفی ہونے اور بھارت فرار ہونے کی خبر سامنے آئی تھی جس کے بعد بنگلادیشی عوام کی بڑی تعداد سڑکوں پر جشن منانے کے لیے نکل آئی تھی،ویڈیوکی سوشل میڈیا پر دھوم مچی ہوئی ہے اور  صارفین اس حوالے سے دلچسپ تبصرے کر رہے ہیں۔